ہاؤس ہیگسیتھ نے خفیہ حکم نامے کے ذریعے امریکہ اور کینیڈا کے دفاعی تعلقات محدود کردیے، ٹرمپ انتظامیہ اور اوٹاوا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایک خفیہ میمو کے ذریعے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان دفاعی تعاون پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں،یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتا ہے
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ہیگسیتھ نے گزشتہ ہفتے ایک خفیہ ہدایت نامہ جاری کیا، جس میں دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات اور فوجی تعاون کو محدود کرنے سے متعلق نئی شرائط شامل ہیں،اخبار کے مطابق یہ ہدایت نامہ اس سے پہلے منظرعام پر نہیں آیا تھا
حساس معاملہ ہونے کے باعث نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ اس فیصلے کو کینیڈا میں امریکہ کی جانب سے ایک توہین آمیز اقدام، یعنی منہ پر طمانچے کے طور پر دیکھا جائے گا،اس سے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعاون اور رابطوں کی آئندہ نوعیت پر بھی سوالات پیدا ہوگئے ہیں
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صدر ٹرمپ بارہا کینیڈا کو امریکہ میں ضم کرنے کی دھمکیاں دے چکے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان متعدد سیاسی اور سفارتی معاملات پر اختلافات جاری ہیں
امریکی وزیر دفاع کے ترجمان شان پارنیل نے اس معاملے پر کہا کہ پینٹاگون ایسے اقدامات کر رہا ہے جن سے کینیڈا کے ساتھ دفاعی رابطے امریکہ کے ٹھوس دفاعی مقاصد کو آگے بڑھائیں اور دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کو نئے سرے سے مضبوط بنانے میں مدد ملے
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ دفاع ایسے دوطرفہ تعاون کے مواقع کو ترجیح دے رہا ہے جو دونوں ملکوں کی سرزمین کے دفاع کو مضبوط بنا سکیں
واشنگٹن پوسٹ کا کہنا ہے کہ اسے اس خفیہ میمو کا براہ راست جائزہ لینے کا موقع نہیں ملا، تاہم اخبار نے اس سے واقف امریکی حکام کے حوالے سے پابندیوں کی تفصیلات رپورٹ کی ہیں






