ٹرمپ انتظامیہ کے قومی سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر مستعفی، ٹیکنالوجی نظام میں مسلسل خرابیوں کے بعد کرسٹن ڈیوس قائم مقام سربراہ مقرر
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے قومی سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر شان کیرنکراس اپنے عہدے سے الگ ہو رہے ہیں،وائٹ ہاؤس نے جمعرات 19 نومبر کو ان کی روانگی کی تصدیق کردی ہے،ان کی جگہ محکمہ دفاع کی اعلیٰ عہدیدار کرسٹن اے ڈیوس قائم مقام قومی سائبر سکیورٹی ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی
یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متعدد ٹیکنالوجی نظاموں میں خرابیوں کے باعث نجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،تاہم وائٹ ہاؤس نے شان کیرنکراس کی روانگی کو ان تکنیکی خرابیوں سے براہ راست منسلک قرار نہیں دیا
این بی سی نیوز کے مطابق کرسٹن ڈیوس اس وقت محکمہ دفاع میں چیف انفارمیشن آفیسر کے عہدے پر فائز ہیں،وہ فی الحال قائم مقام سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گی، جبکہ اس عہدے پر مستقل تقرری کے لیے سینیٹ کی منظوری ضروری ہے
شان کیرنکراس نے اگست 2025ء میں نیشنل سائبر ڈائریکٹر کے دفتر کی سربراہی سنبھالی تھی،یہ دفتر امریکی حکومت کی سائبر سکیورٹی پالیسی اور حکمت عملی کی نگرانی کرتا ہے اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان سائبر تحفظ کے معاملات میں رابطے کا مرکزی کردار ادا کرتا ہے
کیرنکراس وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق پالیسی سازی اور مشاورت میں بھی براہ راست شریک رہے ہیں،ان کی روانگی کے بعد امریکی حکومت کی سائبر سکیورٹی قیادت میں اہم تبدیلی واقع ہوگی






