امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر تجارتی مشیر پیٹر ناوارو نے کینیڈا کی وفاقی حکومت اور وزیراعظم مارک کارنی کے خلاف سخت اور توہین آمیز زبان استعمال کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اوٹاوا امریکہ کے ساتھ تجارت میں تکبر اور بددیانتی کا مظاہرہ کررہا ہے ان کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی مذاکرات دوبارہ تیز ہورہے ہیں اور کینیڈا اپنی معاشی خودمختاری اور امریکی دباؤ سے نکلنے کے لیے متبادل تجارتی راستے تلاش کررہا ہے
ناوارو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ تجارتی معاملات میں اوٹاوا کا تکبر اور بددیانتی ناقابل یقین ہے اور کینیڈین مذاکرات کار اپنی اصل پوزیشن کو سمجھنے میں بھی غلطی کررہے ہیں انہوں نے کینیڈا کی مذاکراتی پوزیشن کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی ٹیم ایسی ہے جیسے ہائی اسکول کی باسکٹ بال ٹیم نیویارک نکس جیسی بڑی ٹیم کا مقابلہ کرنے میدان میں آگئی ہو ان کے مطابق اس مقابلے کا نتیجہ کینیڈا کے حق میں نہیں نکلے گا
ناوارو نے ایک انٹرویو میں مزید الزام لگایا کہ کینیڈا امریکہ کو دھوکا دیتا رہا ہے۔ انہوں نے لکڑی، ڈیری مصنوعات، اسٹیل اور ایلومینیم کی تجارت کو امریکی شکایات کی مثالیں قرار دیا ان کا دعویٰ تھا کہ کینیڈا نے ماضی میں شمالی امریکہ کے آزاد تجارتی معاہدے میں بہتر مذاکرات کرکے امریکہ کو نقصان پہنچایا اور ایسی شقیں شامل کروائیں جو امریکی مفادات کے خلاف تھیں
یہ پہلا موقع نہیں کہ ناوارو نے وزیراعظم کارنی کو براہ راست نشانہ بنایا ہو۔ 17 نومبر کو انہوں نے کارنی کے نام ایک سخت پیغام جاری کیا تھا جس میں چین کے ساتھ کینیڈا کے ممکنہ گاڑی سازی کے تعاون پر اعتراض کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ کیا کینیڈا امریکہ کو دباؤ میں لانے کے لیے چین کو استعمال کرنے کی دھمکی دے رہا ہے؟ انہوں نے چین کے بڑھتے ہوئے معاشی اثرورسوخ کے حوالے سے بھی کینیڈا کو خبردار کیا تھا
تنازع کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ کارنی حکومت امریکہ پر انحصار کم کرنے اور چین سمیت دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہی ہے وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ کینیڈا اپنی گاڑی سازی کی صنعت میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی غور کرسکتا ہے، خصوصاً اس صورت میں جب امریکہ کے ساتھ مذاکرات کینیڈا کے صنعتی مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہیں
کارنی اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان حالیہ ملاقات میں بھی تجارتی تعلقات بہتر بنانے اور متعدد مصنوعات پر تجارتی پابندیاں کم کرنے پر اتفاق ہوا تھا کینیڈا کا مقصد اپنی برآمدات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنا اور امریکی منڈی پر ضرورت سے زیادہ انحصار ختم کرنا ہے۔ واشنگٹن کو کینیڈا کی یہی پالیسی ناگوار گزر رہی ہے
دوسری جانب کینیڈا کے اعلیٰ تجارتی مذاکرات کاروں نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ جلد تجارتی معاہدہ کرنے کے موجودہ موقع سے فائدہ اٹھایا جائے حکومت کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں مذاکرات کاروں نے خبردار کیا کہ اگر کینیڈا نے مذاکرات کو مزید طول دیا تو ٹرمپ انتظامیہ کے باقی 2 سال کے دوران معیشت کو مزید نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے
وفاقی وزیر تجارت ڈومینک لی بلانک نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا ہے کہ امریکہ کے ساتھ معاہدہ اب بھی ممکن ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ کینیڈا کے لیے شمالی امریکہ کے موجودہ تجارتی معاہدے کی تمام شرائط بحال کروانے کی کوئی ضمانت نہیں ہے
یاد رہے کہ کینیڈا، امریکہ اور میکسیکو کے درمیان موجودہ تجارتی معاہدہ کسمہ 2020 میں نافذ ہوا تھا، جس نے سابقہ نافٹا معاہدے کی جگہ لی تھی اس معاہدے کے تحت گاڑیوں کی تیاری میں مخصوص مقدار میں شمالی امریکی پرزوں اور مزدوروں کی شمولیت ضروری ہے ٹرمپ انتظامیہ نے جولائی 2026 میں اس معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ اگست میں کارنی حکومت کی جانب سے کینیڈا کی خودمختاری کو متاثر کرنے والی امریکی شرائط مسترد کرنے کے بعد دونوں ملکوں کے مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے تھے
اس دوران امریکہ نے کینیڈا کی گاڑیوں اور متعدد صنعتی مصنوعات پر محصولات عائد کیے، جبکہ کینیڈا نے بھی جوابی محصولات لگائے امریکی تجارتی پالیسی کے نتیجے میں کینیڈا کی گاڑی سازی کی صنعت کو نقصان پہنچا اور اسٹیلانٹس سمیت بڑی کمپنیوں نے اپنی پیداواری حکمت عملی تبدیل کرنا شروع کردی برامپٹن کی فیکٹری کا مستقبل بھی اسی تجارتی کشیدگی سے متاثر ہوا
تاہم امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت سے محروم ہونا پڑا مہنگائی اور محصولات کے باعث بڑھتی ہوئی عوامی ناراضی نے ٹرمپ انتظامیہ پر دباؤ بڑھایا ہے اس انتخابی شکست کے بعد امریکی حکام کے لہجے میں کینیڈا کے ساتھ تجارتی معاہدے کے حوالے سے کچھ نرمی دکھائی دینے لگی ہے اور اب 2026 کے اختتام سے پہلے معاہدے کے امکانات کی بات کی جارہی ہے
ناوارو نے سابق نائب وزیراعظم کرسٹیا فری لینڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے بعد ایک مضمون میں لکھا تھا کہ اب امریکہ کو عالمی جمہوری شراکت داروں کے ساتھ زیادہ متوازن تعلقات قائم کرنے چاہئیں فری لینڈ نے اپنے مضمون میں امریکہ کو پیغام دیا تھا کہ اب دنیا کے دوسرے ممالک کو بھی یہ کہنے کا موقع ملنا چاہیے کہ امریکہ کو اپنے رویے پر معذرت کرنی چاہیے
کینیڈا کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ امریکہ اس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہونے کے باوجود محصولات اور سیاسی دباؤ کے ذریعے اس کی معاشی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہا ہے ایک طرف واشنگٹن منصفانہ تجارت کا مطالبہ کرتا ہے اور دوسری طرف کینیڈا کی جانب سے چین یا دوسرے ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی کوشش پر ناراضی ظاہر کرتا ہے
یہ تنازع صرف دو حکومتوں کے درمیان تجارتی اختلاف نہیں بلکہ کینیڈا کی قومی خودمختاری، صنعتی مستقبل اور لاکھوں مزدوروں کے روزگار کا معاملہ ہے کینیڈا کے لیے ضروری ہے کہ وہ مذاکرات ضرور کرے لیکن ایسا کوئی معاہدہ قبول نہ کرے جو اسے اپنی صنعت، سرمایہ کاری اور عالمی تجارتی تعلقات کے فیصلے واشنگٹن کی مرضی کے مطابق کرنے پر مجبور کردے امریکہ کے ساتھ تجارت کینیڈا کی ضرورت ہوسکتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ملک اپنی معاشی خودمختاری بھی قربان کردے






