Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

عوام کے ٹیکسوں کے 760 ملین ڈالر فورڈ کمپنی کے حوالے، حکومت کا جواز 2,000 ملازمتوں کا تحفظ

کینیڈا اور اونٹاریو کی حکومتوں نے امریکی تجارتی محصولات کے اثرات سے گاڑی سازی کی صنعت کو بچانے کے نام پر امریکی کمپنی فورڈ کو عوام کے ٹیکسوں سے 759.1 ملین ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے وفاقی حکومت 464.5 ملین ڈالر جبکہ اونٹاریو حکومت 294.6 ملین ڈالر دے گی یوں ایک بڑی عالمی کار ساز کمپنی کو سرکاری خزانے سے تقریباً 760 ملین ڈالر کی مالی مدد دی جارہی ہے
یہ رقم کسی عام شہری، چھوٹے کاروبار یا بے روزگار خاندان کی مدد کے لیے نہیں بلکہ فورڈ موٹر کمپنی کے اوک ول اسمبلی پلانٹ کو جدید بنانے اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے دی جارہی ہے حکومت کا مؤقف ہے کہ اس امداد سے 2,000 سے زیادہ ملازمتیں محفوظ ہوں گی اور فیکٹری میں سالانہ 100,000 گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی
لیکن اس اعلان کا سب سے اہم سوال یہ ہے کہ آخر ایک بڑی بین الاقوامی کمپنی کو اپنے کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے عوام کے ٹیکسوں پر انحصار کیوں کرنا پڑرہا ہے؟ فورڈ خود تقریباً 5 ارب ڈالر کے منصوبے میں سرمایہ کاری کررہی ہے، لیکن اس منصوبے کے لیے حکومت سے بھی سیکڑوں ملین ڈالر حاصل کررہی ہے کیا اتنی بڑی کمپنی اپنے صنعتی منصوبے کا پورا خرچ خود برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی؟
حکومت اس امداد کو روزگار کے تحفظ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 25 فیصد محصولات کے مقابلے میں کینیڈا کی صنعت کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی قرار دے رہی ہے وفاقی وزیر صنعت میلینی جولی اور اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری سے مقامی پیداوار بڑھے گی، مزدوروں کو کام ملے گا اور کینیڈا کی گاڑی سازی کی صنعت مضبوط ہوگی
تاہم عوامی پیسے کی اتنی بڑی رقم دینے کے بعد حکومت پر لازم ہے کہ وہ واضح کرے کہ فورڈ کے ساتھ کیا شرائط طے کی گئی ہیں؟ اگر کمپنی مستقبل میں پیداوار کم کرتی ہے، ملازمتیں ختم کرتی ہے یا فیکٹری کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے تو کیا اسے سرکاری رقم واپس کرنا ہوگی؟ کیا اس معاہدے میں ایسی ضمانتیں موجود ہیں جو عوام کے پیسے کا تحفظ کرسکیں؟
اس معاملے کو مزید اہمیت اس وقت ملتی ہے جب برامپٹن میں اسٹیلانٹس کی فیکٹری بند ہونے اور ہزاروں ملازمتوں کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں وفاقی حکومت پہلے ہی اسٹیلانٹس سے مطالبہ کررہی ہے کہ وہ سابقہ معاہدے کے تحت حاصل کیے گئے سیکڑوں ملین ڈالر واپس کرے کیونکہ کمپنی نے برامپٹن میں پیداوار اور ملازمتیں برقرار رکھنے کے وعدے پورے نہیں کیے اس معاملے میں میلینی جولی نے کمپنی کو قانونی کارروائی کی وارننگ بھی دی ہے
یہ دونوں معاملات کینیڈا کی صنعتی پالیسی کے ایک بنیادی تضاد کو سامنے لاتے ہیں حکومت ایک طرف بڑی کمپنیوں کو عوام کے پیسوں سے مالی مدد دے رہی ہے اور دوسری طرف ان کمپنیوں کے وعدے پورے نہ کرنے پر رقم واپس لینے کی بات کررہی ہے سوال یہ ہے کہ اگر کمپنیوں سے معاہدوں کی پابندی نہیں کرائی جاسکتی تو پھر عوام کے ٹیکسوں سے اتنی بڑی امداد دینے کا جواز کیا ہے؟
کینیڈا کے شہری پہلے ہی مہنگائی، رہائشی اخراجات، ٹیکسوں اور روزگار کے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بتائے کہ ان کے ٹیکسوں کے 760 ملین ڈالر کس بنیاد پر ایک بڑی کمپنی کو دیے جارہے ہیں اور اس سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے فوائد کی منصفانہ تقسیم کیسے یقینی بنائی جائے گی
روزگار کا تحفظ یقیناً ضروری ہے اور فیکٹریوں کی بندش سے ہزاروں خاندان متاثر ہوتے ہیں، لیکن روزگار بچانے کے نام پر کمپنیوں کو عوامی خزانے سے رقم دینا کوئی کھلا اجازت نامہ نہیں ہونا چاہیے ہر ڈالر کے بدلے واضح عوامی فائدہ، مستقل ملازمتوں کی ضمانت اور معاہدے کی خلاف ورزی پر رقم کی واپسی لازم ہونی چاہیے آخر یہ حکومت کا ذاتی سرمایہ نہیں، عوام کا پیسہ ہے

قومی خبریں سے مزید