ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی پر گرفت کا بڑا امتحان، اپنی ہی نامزد کردہ قیادت کو پارٹی کے اندر سے چیلنج کا سامنا
واشنگٹن: مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی بڑے پیمانے پر شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی پر گرفت کا ایک اہم امتحان شروع ہو گیا ہے،ٹرمپ کے نامزد کردہ ریپبلکن نیشنل کمیٹی (RNC) کے چیئرمین جو گروٹرز کو اپنی ہی قیادت کی جانب سے چیلنج کا سامنا ہے
ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے موجودہ چیئرمین جو گروٹرز، جو قومی پارٹی تنظیم کی سربراہی کے لیے مزید 2 سال کی مکمل مدت حاصل کرنا چاہتے ہیں، کو کینٹکی سے تعلق رکھنے والی کمیٹی کی شریک چیئر کے سی کراسبی نے مقابلے کا چیلنج دے دیا ہے
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں واضح اکثریت حاصل کی ہے اور جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کی تیاری کر رہے ہیں،ٹیکساس، مسیسیپی اور جنوبی کیرولائنا جیسی روایتی طور پر مضبوط ریپبلکن ریاستوں میں بھی بعض نشستیں ڈیموکریٹس کے ہاتھوں میں چلی گئیں
دلچسپ بات یہ ہے کہ کے سی کراسبی بھی صدر ٹرمپ کی مضبوط حامی ہیں، تاہم انہوں نے انتخابی شکست کے چند روز بعد ہی پارٹی کی قیادت تبدیل کرنے کی مہم شروع کر دی،ان کا مقصد ریپبلکن پارٹی کے اندر انتخابی نتائج پر پائی جانے والی ناراضگی کو اپنی حمایت میں تبدیل کرنا اور تنظیمی قیادت میں تبدیلی کے لیے ارکان کو متحد کرنا ہے
کراسبی نے ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے 168 ارکان کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ انتخابات کے بعد ہر رکن سے بات کرنا چاہتی ہیں تاکہ مختلف ریاستوں میں انتخابی صورت حال، پارٹی کی ناکامیوں اور آئندہ انتخابات کے لیے ضروری تبدیلیوں پر ان کی رائے معلوم کر سکیں
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ پارٹی کو مضبوط بنانے اور اگلے انتخابی مرحلے کے لیے بہتر پوزیشن میں لانے کی خاطر کن تبدیلیوں کی ضرورت ہے
اس مقابلے کی اہمیت محض پارٹی چیئرمین کے انتخاب تک محدود نہیں، بلکہ یہ اس بات کا بھی امتحان ہوگا کہ انتخابی شکست کے بعد ریپبلکن پارٹی کے اندر ٹرمپ کی نامزد کردہ قیادت کو کس حد تک حمایت حاصل رہتی ہے






