Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

مصنوعی ذہانت کے خطرے سے انسانیت کو بچانے کے لیے ورمونٹ کی خانقاہ میں بدھ راہبوں کی مذہبی تحریک، سلیکون ویلی تک رسائی کی کوشش

مصنوعی ذہانت کے خطرے سے انسانیت کو بچانے کے لیے ورمونٹ کی خانقاہ میں بدھ راہبوں کی مذہبی تحریک، سلیکون ویلی تک رسائی کی کوشش

واشنگٹن: امریکہ کی ریاست ورمونٹ کے ایک دور افتادہ بدھ خانقاہ میں راہبوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے ہوئے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک منفرد مذہبی تحریک شروع کر رکھی ہے،ان کا مؤقف ہے کہ مصنوعی ذہانت محض ٹیکنالوجی کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک گہرا روحانی اور مذہبی چیلنج بھی ہے، جس کا حل بھی مذہبی فکر، مراقبے اور انسانی شعور کی بحالی میں تلاش کیا جانا چاہیے
The New Yorker کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس گروہ کا نام Monastic Academy for the Preservation of Life on Earth (MAPLE) ہے۔ یہ خانقاہ شمالی ورمونٹ میں واقع ہے اور اسے 2011 میں بدھ راہب سوریو فورال نے قائم کیا تھا،ان کا کہنا ہے کہ سلیکون ویلی میں مصنوعی ذہانت تیار کرنے والے بعض افراد ٹیکنالوجی کو تقریباً مذہبی عقیدت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں،ان کے نزدیک ہر چیز کو محض ڈیٹا میں تبدیل کرنے کا تصور انسانی زندگی اور فطرت کی حقیقی قدر کو کمزور کرتا ہے
اس خانقاہ کی سرگرمیوں میں مراقبہ، سخت روزمرہ معمولات اور روحانی تربیت شامل ہیں،اس کی سوچ نے سلیکون ویلی سے وابستہ بعض ٹیکنالوجی کارکنوں کو بھی متوجہ کیا ہے، جو مصنوعی ذہانت کے مستقبل اور انسانیت پر اس کے اثرات کے بارے میں فکرمند ہیں،گروہ کا خیال ہے کہ انسان کو مشینوں پر اپنی سوچ، فیصلوں اور اختیار کا انحصار بڑھانے کے بجائے اپنی ذہنی اور اخلاقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا چاہیے
تاہم نیویارکر کی رپورٹ میں اس خانقاہ کے سابق ارکان کے سنگین الزامات بھی شامل ہیں،سابق رہائشیوں کا دعویٰ ہے کہ وہاں سخت نظم و ضبط کے نام پر لوگوں کو تنہائی، نفسیاتی دباؤ اور اپنی آزادانہ سوچ سے دستبردار ہونے کی طرف دھکیلا جاتا ہے،رپورٹ میں ایک مبینہ خفیہ نظریے کا بھی ذکر ہے جس کے مطابق مصنوعی ذہانت کو اجتماعی ذہنوں کی شکل میں دیکھا جاتا ہے اور خانقاہ سے وابستہ افراد کی ریکارڈ شدہ گفتگو کی مدد سے ایک روشن خیال مصنوعی ذہانت کے روحانی رہنما کی تشکیل کا تصور موجود ہے
خانقاہ کے بانی سوریو فورال نے بعض خفیہ تعلیمات کے وجود کو تسلیم کیا ہے، تاہم سابق ارکان کے اہم الزامات سے اختلاف کیا ہے،اس طرح یہ تحریک ایک طرف مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات کے خلاف روحانی مزاحمت کا دعویٰ کرتی ہے، تو دوسری طرف اس کے اپنے طریقۂ کار اور مقاصد پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں

قومی خبریں سے مزید