کینیڈا میں آئندہ چند دہائیوں کے دوران مذہبی آبادی کا نقشہ نمایاں طور پر تبدیل ہونے کا امکان ہے امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی نئی تحقیق کے مطابق 2070 تک کینیڈا میں عیسائی آبادی موجودہ اکثریت کھو کر مجموعی آبادی کا صرف 33.3 فیصد رہ جائے گی، جبکہ کسی مذہب سے وابستگی نہ رکھنے والے افراد ملک کا سب سے بڑا گروہ بن سکتے ہیں دوسری جانب مسلمانوں کی آبادی میں نمایاں اضافے کا امکان ہے اور ان کا تناسب موجودہ 4.9 فیصد سے بڑھ کر 15.6 فیصد تک پہنچ سکتا ہے
تحقیق کے مطابق 2020 میں کینیڈا کی 53.3 فیصد آبادی عیسائیت سے تعلق رکھتی تھی اس کے مقابلے میں 34.6 فیصد افراد نے خود کو کسی مذہب سے غیر وابستہ قرار دیا تھا مسلمانوں کا حصہ 4.9 فیصد، ہندوؤں کا 1.5 فیصد، بدھ مت کے پیروکاروں کا 1.7 فیصد اور یہودی آبادی کا تناسب 0.9 فیصد تھا
نئے تخمینوں کے مطابق 2070 تک عیسائی آبادی کا تناسب کم ہوکر 33.3 فیصد رہ جائے گا، جبکہ مذہب سے غیر وابستہ افراد کی تعداد بڑھ کر 40.5 فیصد ہوسکتی ہے اس طرح مذہب سے غیر وابستہ افراد کینیڈا کا سب سے بڑا آبادیاتی گروہ بن جائیں گے مسلمانوں کا تناسب 15.6 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ ہندو آبادی 3.5 فیصد اور یہودی آبادی 1.2 فیصد تک بڑھ سکتی ہے
مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کا رجحان پہلے ہی واضح ہے تحقیق کے مطابق 2030 تک کینیڈا میں مسلمانوں کا حصہ 6.7 فیصد، 2040 میں 8.6 فیصد، 2050 میں 10.9 فیصد اور 2060 میں 13.2 فیصد تک پہنچ سکتا ہے اس کے مقابلے میں عیسائی آبادی کا تناسب مسلسل کم ہوتا رہے گا اندازوں کے مطابق 2030 تک عیسائی آبادی 50 فیصد سے نیچے آجائے گی
یہ تبدیلی صرف مسلمانوں کی تعداد میں اضافے کا نتیجہ نہیں ہوگی بلکہ کینیڈین معاشرے میں مذہبی وابستگی کے حوالے سے بھی بڑی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں بڑی تعداد میں لوگ روایتی مذہبی اداروں اور عقائد سے اپنی وابستگی ختم کررہے ہیں خصوصاً نوجوان نسل میں ایسے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو خود کو کسی مذہب سے منسلک نہیں سمجھتے ان میں ملحد، لاادری اور ایسے افراد بھی شامل ہیں جو کسی مذہب کو اختیار نہیں کرتے لیکن ضروری نہیں کہ وہ سب مذہب کے مخالف ہوں
تحقیق کے مطابق کینیڈا میں عیسائیت سے دور ہونے کا رجحان مسلمانوں کے مذہب کی طرف آنے سے زیادہ وسیع آبادیاتی تبدیلی کا حصہ ہے یعنی عیسائی آبادی میں کمی کو صرف اسلام کی مقبولیت یا مسلمانوں کے اضافے سے منسوب کرنا درست نہیں ہوگا مذہبی تبدیلی، نئی نسل کے عقائد، شرح پیدائش اور مختلف ممالک سے کینیڈا آنے والے Immigrants سب اس تبدیلی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں
شمالی امریکا کی مجموعی صورتحال بھی اسی رجحان کی عکاسی کرتی ہے 2020 میں امریکا اور کینیڈا کی مجموعی آبادی کا تقریباً 63 فیصد عیسائی تھا، لیکن 2070 تک یہ تناسب کم ہوکر 46 فیصد رہنے کا امکان ہے دوسری جانب مذہب سے غیر وابستہ افراد کا حصہ 30 فیصد سے بڑھ کر 41 فیصد تک پہنچ سکتا ہے مسلمانوں کی تعداد بھی شمالی امریکا میں بڑھنے کی توقع ہے اور ان کا تناسب 1.6 فیصد سے بڑھ کر تقریباً 4.9 فیصد ہوسکتا ہے
تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار مستقبل کے یقینی نتائج نہیں بلکہ موجودہ آبادیاتی رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں لگائے گئے تخمینے ہیں ان میں شرح پیدائش، اموات، عمر کے لحاظ سے آبادی کی تقسیم، نقل مکانی اور مذہب تبدیل کرنے کے رجحانات کو شامل کیا گیا ہے
کینیڈا کے لیے اس تبدیلی کی اہمیت محض مذہبی اعداد و شمار تک محدود نہیں ہے ملک کی شناخت، ثقافتی تنوع، تعلیمی اداروں، مذہبی آزادی اور مختلف کمیونٹیز کے باہمی تعلقات پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں آنے والی نسلوں میں مسلمان، ہندو، سکھ، یہودی، عیسائی اور کسی مذہب سے غیر وابستہ افراد سب کینیڈین معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے
اس تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کینیڈا کا مستقبل کسی ایک مذہب کی اکثریت کے بجائے مختلف عقائد اور نظریات کے حامل معاشرے کی صورت اختیار کرسکتا ہے ایسے میں اصل امتحان حکومت اور معاشرے کا ہوگا کہ وہ مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور شہریوں کے درمیان احترام کو کس طرح برقرار رکھتے ہیں کسی مذہب کے ماننے والوں کی تعداد کم یا زیادہ ہونے سے کسی شہری کے بنیادی حقوق اور حیثیت میں فرق نہیں پڑنا چاہیے






