ایلون مسک کے پچھتاوے اور ماضی کے پرجوش نظریات سے انکار ، اب معتدل بننے میں مصروف
واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد انتخابی مہم پر 400 ملین ڈالر سے زیادہ خرچ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ فیصلہ کرنے کا موقع ملتا تو وہ اتنی بڑی رقم خرچ نہ کرتے،ریپبلکنز کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول کھو بیٹھے ہیں جبکہ کئی ریاستوں میں گورنر کے انتخابات میں بھی انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا
ایلون مسک نے بدھ کو نیویارک ٹائمز کے زیر اہتمام ڈیلبک سمٹ میں اینڈریو راس سورکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریپبلکنز کو بری طرح شکست ہوئی اور انہوں نے جو رقم خرچ کی، اس کے نتائج نہ ملنے پر انہیں اپنی سرمایہ کاری بے فائدہ محسوس ہو رہی ہے،مسک نے کہا، ’’مجھے اتنی بڑی رقم خرچ کرنے پر خود کو کافی بے وقوف محسوس ہو رہا ہے،اگر وقت واپس جا سکتا تو میں کم پیسہ خرچ کرتا”
ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس اے آئی کے بانی مسک نے گزشتہ دو انتخابی ادوار میں ریپبلکن امیدواروں اور ان کی سیاسی سرگرمیوں کی حمایت کے لیے مجموعی طور پر 700 ملین ڈالر سے زیادہ خرچ کیے،وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم سیاسی اتحادی بھی رہے ہیں اور محکمہ حکومتی کارکردگی (DOGE) کے ذریعے وفاقی حکومت میں بڑے پیمانے پر ملازمتوں کے خاتمے اور ملازمین کی برطرفیوں کے عمل میں بھی مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں
تاہم انتخابی شکست کے بعد مسک نے اپنی سیاسی شناخت کے بارے میں بھی مختلف مؤقف اختیار کیا ہے ،انہوں نے خود کو ’’کافی معتدل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے سیاسی خیالات انتہا پسندانہ نہیں اور وہ MAGA تحریک کا حصہ نہیں ہیں،یہ بیان 2024 کے انتخابی دور میں ان کے اس مؤقف سے مختلف ہے جب انہوں نے ٹرمپ کے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف MAGA کے حامی نہیں بلکہ اس سے بھی آگے ہیں
مسک کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کے بعد ان کی سیاسی سرمایہ کاری اور ٹرمپ کی تحریک سے وابستگی کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے






