ری پبلکن ریاستوں میں ڈیموکریٹس کی غیر معمولی کامیابی کے بعد سیاسی نقشہ بدلنے لگا، طویل عرصے سے غیر فعال ڈیموکریٹک جماعتوں میں نئی جان پڑ گئی
واشنگٹن: امریکہ کی روایتی ری پبلکن ریاستوں میں مڈٹرم انتخابات کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی غیر متوقع کامیابیوں نے ان ریاستوں کی سیاست میں نئی ہلچل پیدا کر دی ہے،انتخابی نتائج کے بعد ان ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی تنظیموں کو دوبارہ فعال کرنے اور آئندہ انتخابات کے لیے مضبوط بنیادیں قائم کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں
واشنگٹن سن کی رپورٹ کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کے مضبوط سمجھے جانے والے حلقوں میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ریاستی جماعتوں کے رہنماؤں کو بڑی تعداد میں فون کالز موصول ہو رہی ہیں،ان میں ایسے شہری بھی شامل ہیں جو طویل عرصے سے سیاسی سرگرمیوں سے دور تھے، لیکن اب ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ کام کرنے اور انتخابی مہم میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں
کنساس ڈیموکریٹک پارٹی کی چیئرپرسن جینا ریپاس نے بتایا کہ ری پبلکن سینیٹر راجر مارشل کے مقابلے میں ڈیموکریٹ امیدوار ایڈم ہیملٹن کی کامیابی کے بعد ان کا فون مسلسل بجتا رہا،ہیملٹن کی کامیابی کو کنساس کی سیاست میں تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ تقریباً 100 سال بعد ریاست سے ڈیموکریٹک پارٹی کا کوئی امیدوار سینیٹ کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوا ہے
ریپاس کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد شہریوں کی جانب سے مسلسل رابطے کیے جا رہے ہیں اور لوگ پوچھ رہے ہیں کہ وہ پارٹی کی سرگرمیوں میں کیسے شامل ہو سکتے ہیں اور اس کی مدد کیسے کر سکتے ہیں
رپورٹ کے مطابق ماضی میں کئی قدامت پسند ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی کی تنظیمیں تقریباً غیر فعال ہو چکی تھیںان ریاستوں میں پارٹی کو انتخابی کامیابی کے امکانات کم ہونے کے باعث تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں میں مشکلات کا سامنا تھا، لیکن حالیہ انتخابی نتائج نے صورت حال تبدیل کر دی ہے
ینیٹ میں ڈیموکریٹک رہنما چک شومر نے جمعرات کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن ریاستوں میں ڈیموکریٹس نے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، وہاں 2028ء میں اپنی اکثریت مزید بڑھانے کے نئے مواقع موجود ہوں گے،انہوں نے آئیووا، کنساس اور کیرولائنا سمیت متعدد ریاستوں کا نام لیا
حالیہ انتخابی نتائج کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کی توجہ اب صرف روایتی طور پر اپنی حمایت رکھنے والی ریاستوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ وہ ان ریاستوں میں بھی تنظیمی ڈھانچہ مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے جہاں طویل عرصے سے ری پبلکنز کا سیاسی غلبہ رہا ہے






