واشنگٹن: امریکہ میں ایران جنگ کے خلاف سیاسی مخالفت شدت اختیار کرگئی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ری پبلکن پارٹی کے ایک رکن کانگریس نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی باقاعدہ تحریک ایوان نمائندگان میں پیش کردی ہے،تحریک میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہیگستھ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور جان بوجھ کر غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایران پر فوجی حملے جاری رکھے
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیر کے روز ایوان نمائندگان میں مواخذے کی دستاویزات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگ شروع کی اور بعد ازاں کانگریس کی جانب سے فوجی کارروائیاں روکنے کے مطالبے کے باوجود پینٹاگون نے حملے جاری رکھے،میسی کے مطابق یہ جنگ آئین کی خلاف ورزی ہے اور وزیر دفاع اس غیر قانونی کارروائی کے ذمہ دار ہیں
ایوان کے اجلاس میں مواخذے کی دستاویزات پڑھتے ہوئے میسی نے کہا کہ پیٹ ہیگستھ نے وزیر دفاع کی حیثیت سے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ایران پر حملوں کے ذریعے جان بوجھ کر غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کیا،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہیگستھ کو عہدے پر برقرار رہنے دیا گیا تو وہ امریکی آئین کے لیے خطرہ بنے رہیں گے
تحریک پیش ہونے کے بعد ایوان نمائندگان میں بدھ کی شام تک اس پر ووٹنگ کرانا ضروری ہوگا، تاہم ری پبلکن قیادت اس معاملے کو مزید تحقیقات کے لیے ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے حوالے کرسکتی ہے یا تحریک کو ووٹنگ کے ذریعے مسترد کرنے کی کوشش کرسکتی ہے
ایوان نمائندگان میں ری پبلکنز کی اکثریت انتہائی معمولی رہ گئی ہے
ڈیموکریٹ ارکان تحریک کی حمایت کرتے ہیں تو ری پبلکن ارکان کی معمولی تعداد بھی پارٹی قیادت کے خلاف ووٹ دے کر تحریک کی منظوری کا راستہ ہموار کرسکتی ہے،ڈیموکریٹ قیادت نے پہلے ہی مواخذے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے
اگر ایوان نمائندگان میں تحریک منظور ہوگئی تو معاملہ سینیٹ میں جائے گا، جہاں مواخذے کے الزامات پر ٹرائل یا انہیں مسترد کرنے کا فیصلہ کرنا ہوگا،تاہم ری پبلکن کنٹرول والے موجودہ سینیٹ میں ہیگستھ کے خلاف کارروائی کی کامیابی کے امکانات محدود ہیں،دوسری جانب نئے سال جنوری میں ڈیموکریٹس ایوان نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت سنبھال لیں گے،ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن بھی سینیٹ کو معاملہ بھیجنے میں تاخیر کی کوشش کرسکتے ہیں
وائٹ ہاؤس نے ری پبلکن ارکان کو ہیگستھ کی حمایت میں ووٹ دینے کے لیے خصوصی نکات اور ہدایات بھی فراہم کی ہیں،انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ایران جنگ میں وزیر دفاع کا کردار مواخذے کی بنیاد نہیں بن سکتا اور ایسی کارروائی مستقبل میں وزرائے دفاع کو صدر کے احکامات پر عمل کرنے سے روک سکتی ہے
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں ہیگستھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ جیتی ہے،تاہم ٹرمپ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایران جنگ کے نتیجے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے سیاسی مشکلات پیدا کی ہیں
تھامس میسی ری پبلکن پارٹی کے ان نمایاں ارکان میں شامل ہیں جو ایران جنگ کی مخالفت کرتے رہے ہیں،رواں سال پارٹی کی پرائمری میں انہیں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے ان کے مخالف امیدوار کی حمایت کی تھی،پیٹ ہیگستھ نے بھی میسی کے مخالف امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا
ہیگستھ نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں میسی کو شکست خوردہ اور ناراض رکن کانگریس قرار دیتے ہوئے مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا قرار دیا تھا
ایران جنگ کے معاملے پر ری پبلکن ارکان کی جانب سے ہیگستھ پر تنقید میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، خصوصاً گزشتہ ہفتے مڈٹرم انتخابات میں پارٹی کی دونوں ایوانوں سے شکست کے بعد،صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور ری پبلکن رکن کانگریس جیمز کومر نے بھی ہیگستھ کی پالیسیوں کا دفاع کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ ری پبلکن ارکان کو معلوم ہی نہیں کہ ایران کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی کیا ہے
دوسری جانب ڈیموکریٹ رہنما ہیکم جیفریز نے کہا کہ پیٹ ہیگستھ کی وزارت دفاع میں موجودگی ایک قومی بحران بن چکی ہے اور اگر صدر خود انہیں عہدے سے برطرف نہیں کرتے تو اس ہفتے کانگریس کے ذریعے اس معاملے کا خاتمہ ممکن ہے
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اندر بھی ہیگستھ کے مستقبل کے بارے میں اختلافات موجود ہیں،صدر ٹرمپ کے نئے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کے ہیگستھ سے قریبی تعلقات ہیں، لیکن انتظامیہ کے بعض حلقوں کا خیال ہے کہ وائٹ ہاؤس کو ان کے دفاع میں اپنی سیاسی طاقت اور وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مڈٹرم انتخابات سے قبل صدر ٹرمپ نے اپنے قریبی ساتھیوں سے ہیگستھ کو عہدے سے ہٹانے کے امکان پر بھی مشاورت کی تھی،بعض حکام کے خیال میں وائٹ ہاؤس بالآخر مواخذے کی طویل لڑائی لڑنے کے بجائے ہیگستھ سے علیحدگی اختیار کرسکتا ہے
اس طرح ایران جنگ نہ صرف ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک بڑا سیاسی بحران بن گئی ہے بلکہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا مستقبل بھی اب کانگریس کی کارروائی اور وائٹ ہاؤس کے فیصلوں سے جڑ گیا ہے






