پشاور میں نادرا افسر کا دفتر کے قریب قتل، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فہد خان مارے گئے
پشاور کے علاقے حیات آباد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا واقعہ جمعہ 6 نومبر کی صبح نادرا دفتر کے قریب پیش آیا، جہاں مقتول کو نشانہ بنانے کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے
پولیس کے مطابق فہد خان حیات آباد فیز 5 میں نادرا دفتر کے عقب میں واقع پارکنگ کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنے۔ وہ شاروم خان کے بیٹے اور کافور ڈھیری کے رہائشی تھے بعض اطلاعات کے مطابق ان کا تعلق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے خاندان سے بھی تھا
پشاور پولیس کے ترجمان عالم خان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کیے گئے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے نادرا دفتر کی پارکنگ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے
تاحال قتل کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی اور پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ واقعہ ذاتی دشمنی، ٹارگٹ کلنگ یا کسی دوسرے تنازع کا نتیجہ تھا حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد قتل کے محرکات اور ذمہ داروں کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی






