Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

افغانستان پر امریکی حملے کے 25 سال بعد بھی اس جنگ کے اثرات باقی، کابل کی ایک ڈاکٹر کی آنکھوں دیکھی کہانی

افغانستان پر امریکی حملے کے 25 سال بعد بھی اس جنگ کے اثرات باقی، کابل کی ایک ڈاکٹر کی آنکھوں دیکھی کہانی

کابل میں ڈاکٹر نگار ننگرہاری 25 سال قبل اس رات ہسپتال میں ڈیوٹی پر تھیں جب امریکہ کی قیادت میں افغانستان پر حملہ شروع ہوا،وہ حملہ افغانستان کی تاریخ کا ایسا موڑ ثابت ہوا جس کے اثرات ایک چوتھائی صدی گزرنے کے باوجود افغان معاشرے اور خود ڈاکٹر نگار کی زندگی میں محسوس کیے جا رہے ہیں
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈاکٹر نگار نے بتایا کہ اگلی صبح جب وہ ہسپتال سے گھر واپس جارہی تھیں تو انہوں نے کابل کے عام شہریوں کو طالبان کے ارکان کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے دیکھا،اس وقت طالبان کی سخت حکمرانی کے دوران سرعام سنگسار کرنے، مبینہ مجرموں کے اعضا کاٹنے اور خواتین کو عوامی زندگی سے تقریباً مکمل طور پر باہر کرنے جیسے اقدامات کیے جاتے تھے
ڈاکٹر نگار کے مطابق انہوں نے اپنی آنکھوں سے کابل کے شہریوں کو طالبان جنگجوؤں کو پکڑتے اور قتل کرتے دیکھا،بعض طالبان ارکان جان بچانے کے لیے درختوں پر چڑھ کر چھپ گئے تھے
مستقبل کے حالات سے خوف زدہ ڈاکٹر نگار اور ان کا خاندان تقریباً ایک ماہ گھر سے باہر نہیں نکلا،بعد میں انہیں دوبارہ ہسپتال بلایا گیا اور انہوں نے بطور ماہر امراض نسواں و زچگی ڈاکٹر کام شروع کردیا،ان کے مطابق امریکی حملے کے بعد انہیں سڑک پر برقع پہننے کی پابندی کا سامنا نہیں رہا اور خواتین کے لیے کئی مواقع دوبارہ کھلے
58 سالہ ڈاکٹر نگار نے تاہم اس تبدیلی کو ایک پیچیدہ تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آزادی تو ملی، لیکن ایسی آزادی نہیں جس سے افغان معاشرہ مکمل طور پر فائدہ اٹھا سکتا
اے پی کی رپورٹ افغانستان میں امریکی مداخلت کے 25 سال مکمل ہونے پر اس بنیادی سوال کو دوبارہ سامنے لاتی ہے کہ 2001 میں شروع ہونے والی جنگ نے افغان شہریوں کی زندگیوں کو کس حد تک تبدیل کیا،ابتدائی مرحلے میں طالبان حکومت کا خاتمہ، خواتین کے لیے تعلیم اور ملازمت کے مواقع میں اضافہ اور نئے سیاسی اداروں کا قیام نمایاں تبدیلیاں تھیں، لیکن بعد کے برسوں میں جنگ، بدعنوانی، طالبان کی دوبارہ طاقت، شہری ہلاکتوں اور معاشی و سیاسی عدم استحکام نے ان کامیابیوں کو پیچیدہ بنا دیا
2021 میں امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد طالبان دوبارہ اقتدار میں آگئے اور خواتین اور لڑکیوں پر تعلیم، روزگار اور عوامی زندگی سے متعلق سخت پابندیاں دوبارہ عائد کی گئیں،یوں 25 سال بعد افغانستان ایک ایسے مرحلے میں کھڑا ہے جہاں امریکی حملے کے ابتدائی اثرات، دو دہائیوں کی جنگ اور طالبان کی واپسی تینوں آج کے افغان معاشرے پر اپنی الگ الگ چھاپ چھوڑ رہے ہیں

قومی خبریں سے مزید