پیراماؤنٹ اور وارنر برادرز کا 110 ارب ڈالر کا انضمام مکمل، ہالی ووڈ کی نئی بڑی کمپنی وجود میں آگئی
ہالی ووڈ کی تفریحی صنعت میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس نے وارنر برادرز ڈسکوری کو تقریباً 110 ارب ڈالر میں خریدنے کا عمل مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد فلم، ٹیلی ویژن، اسٹریمنگ اور نیوز کے شعبوں میں دنیا کی بڑی تفریحی کمپنیوں میں سے ایک وجود میں آگئی ہے
رائٹرز کے مطابق اس انضمام کے بعد نئی کمپنی کے پاس ’’مشن امپاسیبل‘‘، ’’ہیری پوٹر‘‘ اور ڈی سی اسٹوڈیوز جیسے بڑے فلمی برانڈز کے ساتھ ساتھ سی بی ایس، سی این این، پیراماؤنٹ پلس اور ایچ بی او میکس جیسے معروف ٹیلی ویژن اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم بھی آ گئے ہیں
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ ایلیسن اب اس وسیع میڈیا سلطنت کی قیادت کریں گے،نئی کمپنی پر تقریباً 80 ارب ڈالر کا قرض بھی موجود ہے، جبکہ ایلیسن اور شریک چیف ایگزیکٹو ینون کریز نے اخراجات میں تقریباً 6 ارب ڈالر کی بچت کا ہدف مقرر کیا ہے
انضمام کے بعد مشترکہ کمپنی کے حصص کو نیس ڈیک سے نیویارک اسٹاک ایکسچینج منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں یہ ’’SKYD‘‘ کے نام سے کاروبار کرے گی
یہ سودا میڈیا کی تاریخ کے سب سے بڑے انضمام میں شمار کیا جا رہا ہے،امریکی ریاستوں کے ایک اتحاد اور ہالی ووڈ کی ایک بڑی مصنفین کی یونین کے ساتھ معاہدوں کے بعد انضمام کی راہ میں موجود اہم قانونی رکاوٹیں دور ہوئیں
نئی کمپنی ایسے وقت میں وجود میں آئی ہے جب ہالی ووڈ روایتی کیبل ٹیلی ویژن کے صارفین میں کمی، اسٹریمنگ ناظرین حاصل کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت اور ملازمتوں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ کارکنوں کے حقوق کے حوالے سے یونینوں کے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے
سی این این اور سی بی ایس نیوز کی قیادت میں فوری تبدیلی نہیں کی جائے گی اور دونوں اداروں کی موجودہ قیادت بدستور اپنے عہدوں پر قائم رہے گی
اس انضمام کے بعد ایک ہی کارپوریٹ چھتری تلے فلمی دنیا کے بڑے کرداروں کے ساتھ امریکی ٹیلی ویژن، نیوز اور اسٹریمنگ کے نمایاں پلیٹ فارم جمع ہو گئے ہیں، جس سے ہالی ووڈ میں طاقت، سرمایہ اور مواد کی ملکیت کا نقشہ نمایاں طور پر تبدیل ہونے کی توقع ہے






