برٹش کولمبیا میں کار ڈیلرشپ سے بھتہ خوری کے الزام میں 5 افراد گرفتار
برٹش کولمبیا کی لینگلے پولیس نے ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد بھتہ خوری سے متعلق جرائم کے الزام میں 5 افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی ہے پولیس کے مطابق تحقیقات جون 2025 میں اس وقت شروع ہوئیں جب ایک کار ڈیلرشپ کے شریک مالکان نے اطلاع دی کہ ان سے بڑی رقم بطور بھتہ طلب کی جا رہی ہے
پولیس کے مطابق بھتہ طلب کیے جانے کے بعد لینگلے اور سری میں ڈیلرشپ سے منسلک مقامات پر آتشزدگی اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے تحقیقات کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر بھتہ خوری میں ملوث گروہ کا سراغ لگایا جبکہ اس کے ساتھ اسلحے اور منشیات کی غیر قانونی ترسیل سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے
پولیس نے اس کارروائی کو پروجیکٹ ای پرسویئنس کا نام دیا تھا۔ یکم اکتوبر کو سری میں 4 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک شخص کو ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں بھارت کا ایک شہری بھی شامل ہے
کارروائی کے دوران پولیس نے متعدد اسلحہ اور منشیات بھی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے پولیس کے مطابق ضبط کی گئی منشیات میں کوکین، فینٹانائل اور افیون ہونے کا شبہ ہے تحقیقات میں اس گروہ سے منسلک مزید افراد اور مغربی کینیڈا میں بھتہ خوری کے دیگر واقعات سے متعلق شواہد بھی سامنے آئے ہیں
پولیس کا کہنا ہے کہ حاصل ہونے والے شواہد ملک کے دیگر حصوں میں پولیس کے ساتھ بھی شیئر کیے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید افراد کے خلاف مقدمات قائم کیے جا سکتے ہیں
برٹش کولمبیا میں بھتہ خوری کے واقعات کے خلاف پولیس پہلے ہی مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہے جنوری 2026 میں بی سی ایکسٹورشن ٹاسک فورس نے بتایا تھا کہ اس نے لوئر مین لینڈ کے مختلف علاقوں سے متعلق 32 کیسز اپنے ہاتھ میں لیے تھے اور اس وقت تک 7 افراد پر فوجداری الزامات عائد کیے جا چکے تھے
آر سی ایم پی کے مطابق لوئر مین لینڈ میں بھتہ خوری کے متعدد واقعات بالخصوص کاروباری افراد کو نشانہ بنانے سے متعلق رہے ہیں، جن میں رقم کا مطالبہ کرنے کے بعد دھمکیوں، آتشزدگی یا املاک کو نقصان پہنچانے جیسے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں





