بعض ادارے کارکردگی میں رکاوٹ بن چکے ہیں، نظام میں تبدیلی ضروری ہے
: نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظام کو نئے سرے سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ بعض محکمے اور ادارے کارکردگی کی راہ میں رکاوٹ بن چکے ہیں انہوں نے یہ بات لاہور میں کاروباری برادری سے ملاقات کے دوران کہی
محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی اداروں کے بارے میں کاروباری برادری کی شکایات حکومت تک پہنچتی رہتی ہیں اور حکومت اپنی استطاعت کے مطابق مسائل دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے ان کے مطابق ملک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کاروباری برادری کا تعاون بھی ضروری ہے
وزیر داخلہ نے اس موقع پر اپنے پہلے مؤقف کو بھی دہرایا کہ ملک کے نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جب تک کاروباری طبقہ اور دیگر متعلقہ حلقے حکومت کی کوششوں میں تعاون نہیں کریں گے، مطلوبہ تبدیلی لانا مشکل ہوگا
محسن نقوی نے ایران کی معاشی ترقی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ کئی دہائیوں سے پابندیوں کا سامنا کرنے کے باوجود ایران نے مقامی صنعت اور پیداوار میں نمایاں پیش رفت کی ہے ان کے مطابق پاکستان کو بھی برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ درآمدات کم کرنے اور مقامی سطح پر زیادہ مصنوعات تیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے
انہوں نے کاروباری برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے کے حوالے سے عملی تجاویز حکومت کو دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران پابندیوں کے باوجود کئی دہائیوں تک اپنی مقامی صنعت کو فروغ دے سکتا ہے تو پاکستان بھی اپنی صنعتی صلاحیت میں مزید اضافہ کر سکتا ہے
محسن نقوی نے گزشتہ ماہ بھی پاکستان کے انتظامی نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور تبدیل ہوتی ضروریات کے باعث موجودہ انتظامی ڈھانچے پر نظرثانی ضروری ہے، تاہم نئے انتظامی یونٹس کا فیصلہ عوام کی مرضی اور آئینی و قانونی طریقہ کار کے مطابق ہونا چاہیے






