سرکاری افسران کو غیر ملکی یا دوہری شہریت ظاہر کرنے کے لیے 1 ہفتے کی مہلت
حکومت نے ان سرکاری افسران کو اپنی اور اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی یا دوہری شہریت ظاہر کرنے کے لیے مزید 1 ہفتے کی مہلت دے دی ہے جنہوں نے مقررہ مدت میں اپنی معلومات جمع نہیں کرائیں اس مدت میں اعلان نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے ساتھ صوبائی چیف سیکریٹریز اور پولیس سربراہان کو بھی ہدایات جاری کی ہیں حکام کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکریٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے بعض افسران نے اب تک اپنی مطلوبہ تفصیلات جمع نہیں کرائیں
نئے قواعد کے تحت سرکاری افسران کو اپنی اور زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات رکھنے اور کسی غیر ملکی شہری سے شادی سے متعلق معلومات بھی ظاہر کرنا لازم ہے یہ معلومات مقررہ طریقے سے جمع کرانا ضروری ہے
حکومت نے واضح کیا ہے کہ مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنا یا غلط معلومات دینا بدعنوانی کے زمرے میں شمار ہوگا اور ایسے افسران کے خلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے
نئے قواعد کے مطابق کسی سرکاری ملازم کی تقرری کے وقت بھی اس سے اپنی یا زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات سے متعلق معلومات طلب کی جائیں گی۔ غلط معلومات دینے یا معلومات چھپانے کی صورت میں تقرری ختم بھی کی جاسکتی ہے
قواعد میں سرکاری افسران اور ان کے زیر کفالت افراد کے لیے بغیر پیشگی منظوری غیر ملکی شہریت یا غیر ملکی سفری دستاویز حاصل کرنے پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں افسران کو ہر سال اپنی شہریت اور متعلقہ معلومات کے بارے میں اعلان جمع کرانا ہوگا





