بھارتی شہری پر امریکی شہریت کا جھوٹا دعویٰ کرکے ووٹ ڈالنے کا الزام، مینیسوٹا میں وفاقی فرد جرم عائد
مینی سوٹا: امریکی ریاست مینیسوٹا میں ایک بھارتی شہری پر 2024 کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے خود کو امریکی شہری ظاہر کرنے کے الزام میں وفاقی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 39 سالہ مکیش کمار سومابھائی چودھری کے خلاف وفاقی گرینڈ جیوری نے 2 الزامات پر فرد جرم عائد کی،استغاثہ کا کہنا ہے کہ 5 نومبر 2024 کو ووٹ ڈالنے کے لیے چودھری نے مینیسوٹا کے قانون کے تحت درکار ووٹر دستخطی سرٹیفکیٹ پر دستخط کیے، جس میں ووٹر کو امریکی شہری ہونے کی تصدیق کرنا ہوتی ہے،حکام کے مطابق وہ اس وقت امریکی شہری نہیں تھا
تحقیقات کے مطابق چودھری کو ریاستی نظام کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بعد ووٹر رجسٹریشن سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تھی،Fox News کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے ووٹ ڈالنے سے انکار کیا، تاہم بعد میں مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس سے ’’غلطی‘‘ ہوئی اور اس نے ووٹ ڈالا تھا،اس نے یہ بھی بتایا کہ اسے اپنی ویزا یا گرین کارڈ کی کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ وہ ووٹ ڈالنے کا اہل نہیں تھا
محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ چودھری پر ایک الزام ووٹنگ میں غلط معلومات فراہم کرنے اور دوسرا ووٹ ڈالنے یا ووٹر رجسٹریشن کے لیے امریکی شہریت کا جھوٹا دعویٰ کرنے سے متعلق ہے،جرم ثابت ہونے کی صورت میں ہر الزام پر زیادہ سے زیادہ 5 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے
یہ کیس ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی محکمہ انصاف نے ستمبر میں ملک بھر میں غیرقانونی ووٹنگ، غیرقانونی ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی جرائم سے متعلق 16 افراد کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا ہے،تاہم محکمہ انصاف نے واضح کیا ہے کہ فرد جرم محض الزام ہوتی ہے اور ملزم کو عدالت میں جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے
مینی سوٹا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کے دفتر نے Fox News کو بتایا کہ ریاست میں ووٹ ڈالنے کے لیے صرف امریکی شہری اہل ہیں اور غیر اہل افراد کی ووٹنگ ’’انتہائی نایاب‘‘ ہے،دفتر کے مطابق ووٹر رجسٹریشن اور بیلٹ ڈالنے سے قبل شہری ہونے سمیت اہلیت کی تصدیق کا حلف لیا جاتا ہے





