ِکِڈ راک کی شرکت والا سیاسی میلہ 1000 ڈالر کے صرف 6 وی آئی پی ٹکٹ بکنے پر منسوخ
کینٹکی: امریکا میں کِڈ راک سمیت معروف شخصیات کی شرکت کے لیے تیار کیا گیا قدامت پسند سیاسی میلہ Patriots Day Freedom Fest مقررہ انعقاد سے چند روز قبل منسوخ کر دیا گیا،منتظم ایرک ڈیٹرز کے مطابق تقریب کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 1000 ڈالر مالیت کے تقریباً 100 وی آئی پی ٹکٹ فروخت ہونے کی توقع تھی، لیکن صرف 6 ٹکٹ فروخت ہوئے
کینٹکی کے شہر مارننگ ویو میں 26 ستمبر کو ہونے والی اس تقریب میں عام داخلہ مفت رکھا گیا تھا اور منتظمین نے اخراجات وی آئی پی ٹکٹوں کی فروخت سے پورے کرنے کا منصوبہ بنایا تھا،پروگرام میں کِڈ راک کے علاوہ ’’ڈاگ دی باؤنٹی ہنٹر‘‘، امریکی رکن کانگریس جیمز کومر، جو کونچا اور دیگر مقررین کی شرکت متوقع تھی
منتظم ایرک ڈیٹرز نے 21 ستمبر کو فیس بک لائیو میں تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 6 افراد نے 1000 ڈالر کا وی آئی پی ٹکٹ خریدا،انہوں نے کہا کہ تقریب مفت رکھنے کا مالی منصوبہ ان وی آئی پی فروخت پر منحصر تھا
ڈیٹرز نے بعد میں اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ تقریب کی منسوخی کی وجہ عام شرکا کی عدم دلچسپی یا کم حاضری تھی،ان کا کہنا تھا کہ مفت داخلے والی تقریب میں ماضی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے رہے ہیں اور اس بار بھی کِڈ راک کی شرکت کے باعث لوگوں میں دلچسپی تھی، لیکن مسئلہ تقریب کے اخراجات پورے کرنے کا تھا
یہ میلہ 2022 میں شروع ہوا تھا اور اس سے قبل اس میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ایرک ٹرمپ اور کینڈس اوونز سمیت دیگر معروف قدامت پسند شخصیات شریک ہو چکی ہیں،ڈیٹرز نے رواں سال کی تقریب منسوخ کرنے کے ساتھ کہا ہے کہ وہ آئندہ یہ میلہ دوبارہ منعقد نہیں کریں گے





