2 کرپٹو ارب پتیوں نے ریفارم یو کے کو 72 ملین پاؤنڈ دے دیے
برطانیہ کی دائیں بازو کی سیاسی جماعت ریفارم یو کے کو صرف 2 دن میں 72 ملین پاؤنڈ کی ریکارڈ سیاسی امداد مل گئی ہے کرپٹو کرنسی کے 2 ارب پتیوں بین ڈیلو اور کرسٹوفر ہاربورن نے پارٹی کو 36،36 ملین پاؤنڈ دیے ہیں، جو برطانوی سیاسی تاریخ میں کسی جماعت کو ملنے والی سب سے بڑی انفرادی سیاسی امداد ہے
تازہ ترین 36 ملین پاؤنڈ کی رقم کرسٹوفر ہاربورن نے دی ہے، جس نے ایک دن پہلے بین ڈیلو کی جانب سے اتنی ہی رقم دینے کے بعد اس عطیے کی برابری کی۔ ہاربورن کا کہنا ہے کہ یہ رقم ملک کے لیے ایک فلاحی سیاسی عطیہ ہے اور اس کا مقصد ریفارم یو کے کو مستقبل میں حکومت بنانے کی تیاری میں مدد دینا ہے
بین ڈیلو نے بھی اپنے عطیے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریفارم یو کے کو دوسرے بڑے سیاسی گروہوں کے مقابلے میں برابری کا موقع دینا چاہتے ہیں۔ پارٹی کے مطابق دونوں ارب پتیوں نے بدلے میں کسی عہدے، اعزاز یا حکومتی معاہدے کا مطالبہ نہیں کیا
اتنی بڑی رقم نے برطانیہ میں سیاست میں دولت کے اثر و رسوخ پر نئی بحث چھیڑ دی ہے ناقدین کا کہنا ہے کہ چند انتہائی امیر افراد کی جانب سے کسی سیاسی جماعت کو کروڑوں پاؤنڈ فراہم کرنا انتخابی سیاست پر غیر معمولی اثر ڈال سکتا ہے، جبکہ ریفارم یو کے کا مؤقف ہے کہ یہ رقم آئندہ انتخابات میں بڑی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی
یہ بھاری عطیات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ریفارم یو کے پہلے ہی غیر ملکی سیاسی عطیات سے متعلق الزامات اور تحقیقات کی زد میں ہے۔ پارٹی ان الزامات کی تردید کرتی ہے اور کہتی ہے کہ اس نے انتخابی قوانین کی پابندی کی ہے۔ نائجل فراج کی جماعت امیگریشن مخالف مؤقف کے باعث حالیہ عرصے میں برطانوی سیاست میں تیزی سے نمایاں ہوئی ہے
72 ملین پاؤنڈ کی یہ رقم 2024 کے عام انتخابات میں تمام برطانوی سیاسی جماعتوں کے مجموعی انتخابی اخراجات کے تقریباً تین چوتھائی کے برابر بتائی گئی ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ریفارم یو کے آئندہ انتخابات کے لیے کتنے بڑے مالی وسائل کے ساتھ میدان میں اترنے کی پوزیشن میں آگئی ہے






