شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل بچوں کے ہمراہ برطانیہ پہنچ گئے
لندن: ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس، شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل، اپنے بچوں آرچی اور لیلی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ پہنچ گئے ہیں
بی بی سی کے مطابق شہزادہ ہیری، میگھن اور ان کے دونوں بچوں نے کیلیفورنیا سے نجی پرواز کے ذریعے برطانیہ کا سفر کیا اور دوپہر سے کچھ دیر قبل برمنگھم پہنچے،خاندان کے ہوائی اڈے سے روانہ ہونے کے وقت بظاہر پولیس کی کوئی موجودگی نہیں تھی
سسیکس خاندان کے ترجمان نے ان کی برطانیہ آمد کی تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی بات نہیں جس پر وہ تبصرہ کرنا چاہیں گے
یہ پیش رفت گزشتہ ہفتے سامنے آنے والی ان اطلاعات کے چند روز بعد ہوئی ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن اگست میں برطانیہ منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں،دونوں شاہی خاندان کی سرکاری ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالنے کے بجائے برطانیہ میں غیر فعال شاہی حیثیت سے رہیں گے
خیال کیا جاتا ہے کہ خاندان لندن سے باہر کوٹس وولڈز کے علاقے میں ایک نجی جائیداد کو اپنا مستقل ٹھکانہ بنائے گا،ان کے بچوں آرچی اور لیلی بیٹ کا ایک اسکول میں داخلہ بھی ہوچکا ہے اور نئے تعلیمی سال کا آغاز اگلے ہفتے متوقع ہے
شہزادہ ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی خاندان کے فعال ارکان کی حیثیت سے دستبرداری اختیار کی تھی اور بعد میں کیلیفورنیا منتقل ہوگئے تھے،اب برطانیہ واپسی کے باوجود وہ شاہی خاندان کی سرکاری ذمہ داریاں انجام نہیں دیں گے
سسیکس خاندان کے پالتو جانور بھی اس منتقلی کا حصہ ہیں،ترجمان نے بتایا کہ ان کی مرغیاں کیلیفورنیا ہی میں رہیں گی، تاہم ان کے کتے میا اور پولا ان کے ساتھ برطانیہ آئیں گے
خاندان کی برطانیہ میں نئی زندگی کا آغاز ایسے وقت میں ہورہا ہے جب شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ان کے مستقبل کے کردار اور برطانیہ میں ان کی موجودگی کے حوالے سے مسلسل توجہ برقرار رہی ہے





