لاس اینجلس کی ماڈل پر دولت مند شوگر ڈیڈی مردوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر لوٹنے کا الزام
لاس اینجلس:لاس اینجلس میں ایک 29 سالہ ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر پر الزام ہے کہ اس نے ڈیٹنگ ایپس اور سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز کے ذریعے دولت مند عمر رسیدہ مردوں سے تعلقات قائم کیے، خود کو ان کی گرل فرینڈ ظاہر کیا اور پھر ان کے گھروں سے نقد رقم، سونا اور قیمتی اشیا چوری کیں
لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق ملزمہ ادوا لاوی پر الزام ہے کہ اس نے 2023 سے 2025 کے درمیان لاس اینجلس کاؤنٹی کے مختلف پوش علاقوں، جن میں ویسٹ لیک ولیج، ویسٹ ہالی ووڈ اور بیورلی ہلز شامل ہیں، میں مبینہ طور پر دولت مند افراد کو نشانہ بنایا،حکام کے مطابق وہ ’’شوگر ڈیڈی‘‘ ویب سائٹس اور ڈیٹنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے ان افراد سے رابطے میں آتی تھی
تحقیق کاروں کے مطابق لاوی مبینہ طور پر خود کو ان افراد کی ساتھی یا گرل فرینڈ ظاہر کرتی، ان کے گھروں میں داخل ہوتی اور بعد میں نقد رقم، سونے اور مہنگی ڈیزائنر اشیا سمیت قیمتی سامان غائب ہو جاتا،حکام کے مطابق موجودہ مقدمے میں 5 مبینہ متاثرین سے متعلق واقعات شامل ہیں، جبکہ ابتدائی پولیس اپیل کے بعد 10 سے زیادہ مزید افراد بھی سامنے آئے اور اس کے خلاف الزامات عائد کیے
لاوی کو رواں سال گرفتار کیا گیا تھا اور وہ لاس اینجلس کاؤنٹی میں بڑے پیمانے کی چوری کے 2 اور پہلے درجے کی رہائشی چوری کے 2 الزامات کا سامنا کر رہی ہے،اس نے ان الزامات سے انکار کرتے ہوئے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے،جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے 11 سال سے زیادہ قید کی سزا ہو سکتی ہے
معاملہ اس وقت مزید سنگین ہوگیا جب گزشتہ ماہ لاوی کو دوبارہ گرفتار کیا گیا،پولیس کے مطابق اس پر ریورسائیڈ کاؤنٹی کے ایک الگ واقعے میں ایک شخص کی رولیکس گھڑی، لوئی ویتوں کی مہنگی اشیا چوری کرنے اور اس کی ٹیسلا سائبر ٹرک لے جانے کا الزام ہے،گرفتاری کے دوران بیورلی ہلز پولیس کو معلوم ہوا کہ اس نے عدالت کی جانب سے لازمی قرار دیا گیا برقی نگرانی کا ٹخنے والا آلہ بھی اتار دیا تھا
مقدمے میں ایک غیر معمولی پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کیلیفورنیا کے سابق گورنر امیدوار اور ارب پتی کاروباری شخصیت اسٹیفن کلوبیک بھی اس معاملے سے جڑے ہوئے ہیں،لاوی ان کی سابق منگیتر رہی ہیں،کلوبیک پر گواہوں کو مقدمے میں بیان دینے سے روکنے کی کوشش اور ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن سے انہوں نے انکار کیا ہے
لاوی کے وکیل کا مؤقف ہے کہ ان کی موکلہ نے برسوں بدسلوکی کا سامنا کیا اور ذہنی صحت کے مسائل سے گزری،تاہم حال ہی میں عدالت نے انہیں ذہنی صحت کی بنیاد پر مقدمے سے خصوصی رعایت دینے کی درخواست مسترد کر دی،جج نے ان کے بعض بیانات کی سچائی پر بھی سوالات اٹھائے
پولیس کا کہنا ہے کہ لاوی نے مبینہ طور پر جن دولت مند مردوں کو نشانہ بنایا، ان کی کمزوری ان کی جسمانی قربت اور جذباتی تعلق کی خواہش تھی،تاہم عدالت میں ثابت ہونے تک یہ تمام الزامات ہی ہیں اور لاوی قانونی طور پر بے گناہ تصور کی جاتی ہیں





