یوم آزادی پر پاکستانی قیادت کا اتحاد اور اصلاحات پر زور

یوم آزادی پر پاکستانی قیادت کا اتحاد اور اصلاحات پر زور

پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی، قومی اتحاد اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ترقی کا اصل معیار یہ ہونا چاہیے کہ عام شہریوں کی زندگی میں حقیقی بہتری آئے۔ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع ملیں، جبکہ خاندانوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر ہوں
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم پر زور دیا کہ تمام طبقات، خصوصاً سیاسی جماعتیں، قومی اتحاد، ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا
عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔ مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قوم سے اتحاد، برداشت اور نظم و ضبط کو مضبوط بنانے کی اپیل کی
قیادت کی جانب سے اقتصادی ترقی، تعلیم، ادارہ جاتی بہتری اور اصلاحات کو بھی قومی پیشرفت کے لیے ضروری قرار دیا گیا۔ پیغام میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سیاسی اور معاشرتی اختلافات کو قومی اتحاد اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے
وزیراعظم اور صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید