جنوبی وزیرستان میں دو قبائلی عمائدین فائرنگ سے جاں بحق

جنوبی وزیرستان میں دو قبائلی عمائدین فائرنگ سے جاں بحق

جنوبی وزیرستان: خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو قبائلی عمائدین کو قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کے روز تحصیل توئی خلہ کے علاقے زرمیلان میں پیش آیا۔ دونوں افراد گاڑی میں گل کچ سے زرمیلان کی جانب جا رہے تھے کہ دروزندہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد کو متعدد گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت حاجی گل اور ملک بادشاہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق سلیمان خیل قبیلے سے تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ توئی خلہ تھانے میں درج کرلی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات اور تلاش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر شاہ حسن کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
لوئر جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور پولیس و سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ قبائلی عمائدین اور ان کے اہل خانہ بھی بعض حالیہ واقعات میں نشانہ بن چکے ہیں

قومی خبریں سے مزید