کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اسلام آباد پہنچ گئیں
، پاک۔کینیڈا تعلقات پر اہم مذاکرات آج ہوں گے
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند پیر کے روز اسلام آباد پہنچ گئیں، جہاں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دفترِ خارجہ میں ان کا استقبال کیا۔ یہ پاکستان میں بطور وزیر خارجہ انیتا آنند کا پہلا سرکاری دورہ ہے اور تقریباً 20 برس بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ بھی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور انیتا آنند کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں پر بات چیت ہوگی۔ خصوصی توجہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے فروغ پر دی جائے گی، جبکہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔
سرکاری بیان کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کریں گی۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں۔ کینیڈا میں تین لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد کینیڈین آباد ہیں، جبکہ پاکستان میں بھی تقریباً 20 ہزار کینیڈین شہری مقیم ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں عوامی سطح پر بھی گہری اہمیت پائی جاتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاک۔کینیڈا تعلقات میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور سفارتی تعاون کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔





