Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ٹیکساس کے کاؤ بوائے سے ہالی ووڈ کے ارب پتی تخلیق کار تک، ٹیلر شیریڈن کی غیر معمولی داستان

ٹیکساس کے کاؤ بوائے سے ہالی ووڈ کے ارب پتی تخلیق کار تک، ٹیلر شیریڈن کی غیر معمولی داستان
ٹیلر شیریڈن آج ہالی ووڈ کے بااثر ترین مصنفین اور ٹیلی ویژن پروڈیوسرز میں شمار ہوتے ہیں،انہوں نے ’یلو اسٹون‘، ’ٹلسا کنگ‘ اور ’لینڈ مین‘ جیسے مقبول ڈرامے تخلیق کیے، لیکن ان کی کامیابی کا سفر ٹیکساس کے ایک گھوڑوں کے فارم سے شروع ہوا تھا
شیریڈن نے اپنا بچپن ٹیکساس میں کاؤ بوائے کی زندگی گزارتے ہوئے گزارا،ان کے والدین کے پاس 266 ایکڑ پر مشتمل گھوڑوں کا فارم تھا، لیکن والدین کی طلاق کے بعد یہ زمین فروخت کر دی گئی،خاندان کی زمین سے محرومی نے انہیں گہرا متاثر کیا،بعد ازاں وہ اداکاری میں قسمت آزمانے کے لیے نیویارک اور لاس اینجلس منتقل ہو گئے
ابتدا میں انہیں ٹیلی ویژن کے چند کردار ملے، لیکن جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ اداکاری ان کے لیے طویل المدتی اور مستقل پیشہ نہیں بن سکتی،انہوں نے اسکرین رائٹنگ کا راستہ اختیار کیا اور ایسی فلمیں لکھیں جنہیں ناقدین نے سراہا،ان کی فلم ’ہیل اور ہائی واٹر‘ کو بہترین اوریجنل اسکرین پلے کے آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا
جب پیراماؤنٹ اور سی بی ایس جیسے بڑے اداروں نے انہیں ٹیلی ویژن ڈرامے لکھنے کی پیشکش کی تو ابتدا میں انہوں نے دلچسپی نہیں دکھائی،وہ تخلیقی آزادی اور اپنے کام پر مکمل اختیار چاہتے تھے۔ تاہم بعد میں انہوں نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا اور ’یلو اسٹون‘ سمیت متعدد کامیاب سیریز کے ذریعے اپنی الگ شناخت قائم کی
ان کی زندگی کا ایک غیر معمولی موڑ ٹیکساس کے تاریخی 6666 یعنی فور سکسز رینچ کی خریداری کے موقع پر آیا،تقریباً 266,000 ایکڑ پر پھیلا یہ تاریخی فارم 325 ملین ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا،اس کا رقبہ نیویارک شہر سے بھی بڑا اور شکاگو سے تقریباً دو گنا بتایا جاتا ہے،شیریڈن نے اس فارم کو خریدنے کے لیے پیراماؤنٹ کے ساتھ کروڑوں ڈالر کا معاہدہ کیا اور بالآخر اس تاریخی جائیداد کی خریداری میں حصہ لیا
آج شیریڈن ہالی ووڈ کے ان تخلیق کاروں میں شامل ہیں جن کے منصوبے نہ صرف تفریحی صنعت بلکہ امریکی ثقافت اور دیہی زندگی کی عکاسی پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں،ان کا ایک نیا پیشہ ورانہ باب 2028 سے این بی سی یونیورسل کے ساتھ شروع ہونے والا ہے، جہاں وہ معاہدے کے تحت نئی ٹیلی ویژن سیریز لکھیں گے اور تیار کریں گے،اس معاہدے کی ممکنہ مالیت ایک ارب ڈالر تک بتائی گئی ہے
ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز سے منسوب ایک قول ہے کہ دنیا کا سب سے طاقتور شخص کہانی سنانے والا ہوتا ہے، کیونکہ وہ آنے والی نسل کے تصورات، اقدار اور ترجیحات کا تعین کرتا ہے،ٹیلر شیریڈن کا سفر اس بات کی مثال ہے کہ ایک مضبوط کہانی تخلیق کرنے والا شخص کس طرح تفریحی صنعت میں اپنی الگ دنیا قائم کر سکتا ہے

قومی خبریں سے مزید