پاکستان پہلی بار مس ورلڈ مقابلے میں شرکت کرے گا، انیقہ معراج ملک کی نمائندگی کریں گی
پاکستان پہلی مرتبہ دنیا کے معروف حسن و شخصیت کے عالمی مقابلے مس ورلڈ میں باضابطہ طور پر شرکت کرنے جا رہا ہے۔ اس تاریخی موقع پر انیقہ جمال اقبال (انیقہ معراج) پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جو اس عالمی مقابلے میں ملک کی پہلی سرکاری امیدوار ہوں گی۔
انیقہ معراج کا انتخاب ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی خواتین مختلف بین الاقوامی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ ان کی شرکت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ 73 برسوں میں پہلی مرتبہ پاکستان کا باضابطہ نمائندہ مس ورلڈ کے اسٹیج پر نظر آئے گا
انیقہ معراج کا کہنا ہے کہ وہ صرف حسن ہی نہیں بلکہ پاکستان کی ثقافت، صلاحیت، خواتین کی خودمختاری اور مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ موقع پاکستان کی نوجوان نسل، خصوصاً خواتین، کے لیے نئی راہیں کھولنے کا باعث بن سکتا ہے۔ (Miss Pakistan World)
واضح رہے کہ پاکستان نے 2023 میں پہلی بار مس یونیورس مقابلے میں بھی نمائندگی کی تھی، جبکہ اب مس ورلڈ میں شرکت ملک کے لیے ایک اور تاریخی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ تاہم ماضی کی طرح اس فیصلے پر مختلف حلقوں میں حمایت اور تنقید دونوں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔





