Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

متحدہ عرب امارات کو 2027 میں 8 فیصد اقتصادی ترقی کی امید، عالمی مالیاتی فنڈ نے کساد بازاری کا خدشہ مسترد کردیا

متحدہ عرب امارات کو 2027 میں 8 فیصد اقتصادی ترقی کی امید، عالمی مالیاتی فنڈ نے کساد بازاری کا خدشہ مسترد کردیا

متحدہ عرب امارات نے آئندہ سال اپنی معیشت میں 7 سے 8 فیصد تک ترقی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پُرامید توقعات ظاہر کردی ہیں،امارات کے وزیر اقتصادیات و سیاحت عبداللہ بن طوق المری نے کہا ہے کہ ملک ہر قسم کے معاشی بحران اور غیر معمولی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے
امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی معیشت میں بحالی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں اور سیاحت کا شعبہ بھی دوبارہ رفتار پکڑ رہا ہے،ہوٹلوں میں قیام کی شرح تقریباً معمول کی سطح کے قریب پہنچ چکی ہے جبکہ بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہو رہی ہیں
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کی معاشی شرح نمو کے بارے میں اپنا تخمینہ تبدیل کرتے ہوئے 2026 میں 0.2 فیصد ترقی کی پیش گوئی کی، جبکہ اس سے ایک ماہ قبل فنڈ نے 3.9 فیصد معاشی سکڑاؤ کا خدشہ ظاہر کیا تھا
عبداللہ بن طوق المری کے مطابق ایک ماہ کے اندر معاشی منظرنامے میں آنے والی یہ تبدیلی ظاہر کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی معیشت میں بحالی اور ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے
وزیر نے مزید بتایا کہ 2027 میں حکومت ایسی فیکٹریوں اور پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گی جو بحران کے دوران ملک کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مددگار ثابت ہو سکیں
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات مستقبل کے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے، اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ دے رہا ہے

قومی خبریں سے مزید