علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ پھر مؤخر، 16 دسمبر کی نئی تاریخ مقرر
راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر 2024 کے احتجاج سے متعلق مقدمے کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے اعلان کے لیے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی
خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جمعرات کو فیصلہ چھٹی مرتبہ مؤخر کیا،یہ فیصلہ 22 ستمبر کو محفوظ کیا گیا تھا، تاہم اس کے اعلان کی تاریخ مسلسل تبدیل ہوتی رہی ہے
علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے،دفاعی وکیل پہلے بھی اعتراض کر چکے ہیں کہ عدالت نے ان کے دلائل سنے بغیر فیصلہ محفوظ کیا
مقدمے کا تعلق نومبر 2024 میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے ہے، جب عمران خان کی احتجاجی کال پر ہزاروں کارکن اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے تھے،علیمہ خان سمیت 11 افراد کو راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا
علیمہ خان اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ایم پی او کے تحت نظر بند ہیں






