قاہرہ کی شاہراہ پر آئل ٹینکر میں خوفناک آگ، 31 افراد ہلاک، 21 زخمی؛ متعدد گاڑیاں جل کر تباہ
قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بدھ کی شام ایک مصروف شاہراہ پر ایندھن سے بھرے ٹینکر کے حادثے کے بعد بھڑکنے والی شدید آگ نے کم از کم 31 افراد کی جان لے لی جبکہ 21 زخمی ہو گئے,مصری وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں جھلسنے اور دھوئیں سے متاثر ہونے کے باعث طبی امداد دی گئی
یہ حادثہ قاہرہ کے شمالی علاقے الورّاق میں رنگ روڈ کے ایک حصے پر پیش آیا،سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھوئیں کے بادل رات گئے آسمان تک اٹھتے دکھائی دیے،ٹینکر سے پھیلنے والے ایندھن نے قریب موجود متعدد گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث شاہراہ پر تباہی کا منظر پیدا ہو گیا
ابتدائی اطلاعات میں حادثے کی وجہ کے بارے میں مختلف تفصیلات سامنے آئی ہیں،سرکاری مصری اخبار ’’الاہرام‘‘ نے تحقیقات سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹینکر کے سامنے ہائی وولٹیج بجلی کی تار گرنے سے ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا،ٹینکر مرکزی ڈیوائیڈر عبور کرکے الٹ گیا اور اس میں آگ لگ گئی، جس نے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،تاہم حکام نے بجلی کی تار گرنے کو ابھی حتمی وجہ قرار نہیں دیا اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں
مصری پراسیکیوٹر جنرل نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،جائے حادثہ کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور فرانزک ماہرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ لاشوں کے ڈی این اے نمونے حاصل کرکے ان کی شناخت کی جائے،ابتدائی اندازوں کے مطابق آگ میں کم از کم 27 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جل کر تباہ ہوئیں،امدادی کارروائیوں میں 39 ایمبولینسیں حصہ لیتی رہیں،صدر عبدالفتاح السیسی نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی مکمل طبی امداد کی ہدایت کی ہے
یہ حادثہ مصر میں سڑکوں کی حفاظت سے متعلق سنگین مسائل کی ایک اور مثال ہے،سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2025 میں مصر میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 5,829 افراد ہلاک ہوئے، جو 2024 کے مقابلے میں 10.8 فیصد زیادہ تھے،ماہرین اور حکام کی جانب سے تیز رفتاری، سڑکوں کی خراب حالت اور ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد کو ایسے حادثات کی اہم وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے






