Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

غزہ میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق فلسطینی صحافی مریم دغہ کو بعد از مرگ عالمی صحافتی ایوارڈ

غزہ میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق فلسطینی صحافی مریم دغہ کو بعد از مرگ عالمی صحافتی ایوارڈ

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں اگست 2025 میں جاں بحق ہونے والی 33 سالہ فلسطینی صحافی اور جنگی فوٹوگرافر مریم دغہ کو بعد از مرگ فری لانس ویڈیو صحافت کا معتبر ’روری پیک ایوارڈ‘ دے دیا گیا ہے،ایوارڈ کا اعلان بدھ 25 نومبر 2026 کو کیا گیا
مریم دغہ نے یہ اعزاز خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے اپنے دو ساتھی صحافیوں عبدالکریم حنا اور جہاد الشرفی کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کیا،روری پیک ٹرسٹ کے مطابق، انہیں غزہ میں جنگ کے انسانی اثرات کی مؤثر اور طاقتور رپورٹنگ پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے
مریم دغہ کا تعلق خان یونس سے تھا،انہوں نے 2015 میں الجزیرہ یونیورسٹی سے صحافت کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد عملی صحافت کا آغاز کیا اور غزہ جنگ کے دوران اے پی کے علاوہ دیگر بین الاقوامی اداروں کے لیے بھی کام کیا،ان کی رپورٹنگ میں بے گھر خاندانوں، بھوک اور غذائی قلت کا شکار بچوں، زخمیوں اور تباہ شدہ اسپتالوں میں کام کرنے والے طبی عملے کی زندگیوں کو نمایاں کیا گیا،جولائی 2025 میں انہوں نے غذائی قلت کے باعث جان سے جانے والی پانچ ماہ کی بچی زینب ابو حلیب کی تصویر بھی بنائی تھی
25 اگست 2025 کو جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ناصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں مریم دغہ سمیت پانچ صحافی ہلاک ہوئے،اس حملے میں دیگر افراد بھی مارے گئے،اسرائیلی فوج نے اس وقت کہا تھا کہ اس نے ایک ایسے کیمرے کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں اسے شبہ تھا کہ اسے حماس نگرانی کے لیے استعمال کر رہی ہے،اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک المناک غلطی قرار دیا تھا،تاہم ایسوسی ایٹڈ پریس نے صحافیوں کی ہلاکت کے بارے میں وضاحت اور جواب دہی کا مطالبہ کیا تھا
مریم دغہ اپنے پیچھے ایک کم عمر بیٹا غیث چھوڑ گئی ہیں،جنگ کے دوران انہوں نے ذاتی نقصانات اور مسلسل خطرات کے باوجود رپورٹنگ جاری رکھی،اے پی کی ایگزیکٹو ایڈیٹر جولی پیس نے ایوارڈ کے موقع پر کہا کہ صحافی انتہائی خطرات کے باوجود واقعات کو ریکارڈ کرنے اور دنیا تک معلومات پہنچانے کا اہم فریضہ انجام دیتے ہیں،انہوں نے مریم دغہ اور اس جنگ سمیت دیگر تنازعات میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی ہلاکتوں کی تحقیقات اور جواب دہی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا
روری پیک ایوارڈ 1995 سے فری لانس ویڈیو صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے،اس کا نام برطانوی ویڈیو صحافی روری پیک کے نام پر رکھا گیا، جو 1993 میں ماسکو میں رپورٹنگ کے دوران ہلاک ہوئے تھے،اس سال پہلی مرتبہ فوٹو جرنلزم کے لیے بھی الگ ایوارڈ دیا گیا، جو ایتھوپیا کے علاقے امہارا میں تنازعہ کی کوریج کرنے والے فرانسیسی فوٹوگرافر رابن ٹوتینجیز کو ملا،سوڈانی صحافی احمد محمد عبداللہ کو بھی سوڈان کی جنگ کی رپورٹنگ پر شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، لیکن برطانوی حکومت کی جانب سے ویزا نہ ملنے کے باعث وہ لندن کی تقریب میں شرکت نہ کر سکے

قومی خبریں سے مزید