Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

جیرڈ کشنر نے پیوٹن کو ’سیاست کا گرینڈ ماسٹر‘ قرار دے دیا، یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت محدود

جیرڈ کشنر نے پیوٹن کو ’سیاست کا گرینڈ ماسٹر‘ قرار دے دیا، یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت محدود

واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ’سیاست کا گرینڈ ماسٹر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک تاریخی شخصیت ہیں، مذاکرات کے لیے پوری تیاری کے ساتھ آتے ہیں اور عالمی معاملات پر گہری سمجھ رکھتے ہیں
کشنر نے یہ بات ’ایم ڈی میٹس‘ پوڈکاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی،ان کے مطابق پیوٹن سے ملاقاتوں میں ان کا مشاہدہ رہا کہ روسی صدر گفتگو کے دوران تفصیلی نوٹس لیتے ہیں، معاملات کو منظم انداز میں آگے بڑھاتے ہیں اور اپنے مؤقف واضح طور پر پیش کرتے ہیں،کشنر نے کہا کہ لوگ پیوٹن کے اقدامات کو پسند کریں یا ناپسند، لیکن ان کی سیاسی مہارت سے انکار نہیں کیا جا سکتا
کشنر نے مزید کہا کہ ان کے اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے اندازے کے مطابق پیوٹن صرف جنگ ختم کرنے کے لیے امن نہیں چاہتے بلکہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نوعیت تبدیل کرکے ایک نئی شروعات بھی کرنا چاہتے ہیں،تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ روسی صدر کے اصل عزائم کیا ہیں
رپورٹ کے مطابق، رواں ماہ ابوظہبی میں امریکہ کی ثالثی میں روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے،یہ دونوں ملکوں کے درمیان 9 ماہ بعد پہلی براہِ راست امریکی ثالثی والی بات چیت تھی،مذاکرات میں بڑے پیمانے پر جنگی قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوا، لیکن جنگ کے بنیادی تنازعات پر کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی،کشنر نے یہ بھی کہا کہ ماسکو یورپی ممالک کو امن مذاکرات میں شامل کرنے اور یوکرین کے لیے مضبوط سکیورٹی ضمانتوں پر بات کرنے کے لیے آمادہ دکھائی دیتا ہے
کشنر کے بیان کے بعد ان کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ وہ محض صدر ٹرمپ کے داماد نہیں بلکہ یوکرین جنگ ختم کرانے کے لیے امریکی سفارتی کوششوں میں اہم مذاکرات کار ہیں،ناقدین کے مطابق، ایسے وقت میں جب روس کی فوجی کارروائیاں جاری ہیں اور یوکرین کے علاقے اور مستقبل کی سلامتی پر اختلاف برقرار ہے، پیوٹن کی سیاسی صلاحیتوں کی اس انداز میں تعریف امریکی ثالث کی غیر جانب داری کے تاثر کو متاثر کر سکتی ہے
سابق امریکی سفیر برائے روس مائیکل مک فول نے کشنر کے تبصروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیوٹن کو عالمی سیاست کا گرینڈ ماسٹر قرار دینا درست نہیں،ان کے مطابق، روسی صدر نے اپنے ملک کو یورپ کے ساتھ پُرامن تعلقات اور جمہوری ترقی کے راستے سے دور کیا ہے،دوسری جانب کشنر کا مؤقف ہے کہ اختلافات کے باوجود ایسے رہنماؤں سے براہِ راست بات چیت ضروری ہے جن کے پاس جنگ روکنے اور حالات بدلنے کا اختیار موجود ہے
روس نے فروری 2022 میں یوکرین پر مکمل پیمانے کا حملہ شروع کیا تھا اور جنگ اب پانچویں سال میں داخل ہونے کے قریب ہے،اس دوران لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور دونوں جانب فوجی و شہری دو میلین سے زائد شہری و فوجی ہلاکتوں کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری ہے،امن مذاکرات میں سب سے مشکل سوال یوکرین کے مقبوضہ علاقوں، مستقبل کی سکیورٹی ضمانتوں اور روس کے ساتھ یورپ کے تعلقات کا ہے

قومی خبریں سے مزید