اسپین کی معیشت میں نمایاں ترقی، مگر مہنگائی نے عوام کو فوائد سے محروم رکھا، پیڈرو سانچیز کو دوبارہ انتخاب میں عوامی ناراضی کا سامنا
میڈرڈ: اسپین کی معیشت یورو زون کے بیشتر ممالک کے مقابلے میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے اور کم از کم اجرت میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، لیکن ان معاشی کامیابیوں کے باوجود عام شہریوں کی زندگی میں خوشحالی محسوس نہیں ہو رہی،مکانات کے کرایوں، بجلی، توانائی اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے تنخواہوں میں اضافے کے فوائد بڑی حد تک ختم کر دیے ہیں
وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی سوشلسٹ حکومت اتوار کو ہونے والے انتخاب میں دوبارہ عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم رائے دہندگان کی بڑھتی ہوئی معاشی بے چینی انتخابی سیاست کا اہم موضوع بن گئی ہے
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے جنوب مغربی علاقے ایکسٹریمادورا (Extremadura) میں یہ صورتحال خاص طور پر نمایاں ہے،یہ علاقہ تاریخی طور پر بائیں بازو کا مضبوط سیاسی مرکز اور ملک کے غریب ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے،سانچیز حکومت کے دور میں یہاں بھی معاشی ترقی، روزگار اور آمدنی میں اضافہ ہوا، لیکن عام شہری ان بہتریوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں محسوس نہیں کر رہے
حکومتی دور میں کم از کم اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر 66 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بھی 20 فیصد سے زیادہ بڑھیں،حکومت کی متعارف کردہ لیبر اصلاحات کے تحت عارضی اور موسمی ملازمتوں کے نظام کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی، جس سے زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں کام کرنے والے افراد کی آمدنی نسبتاً مستحکم ہوئی
حکومت کے معاشی اعدادوشمار کے مطابق اسپین نے مسلسل تین سال عالمی سطح پر ترقی یافتہ معیشتوں میں نمایاں شرح نمو حاصل کی ہے،2026 میں ملکی معیشت کی شرح نمو تقریباً 2.6 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جو یورو زون کی متوقع 1.2 فیصد شرح سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے،گزشتہ سال یورپی یونین میں پیدا ہونے والی نئی ملازمتوں میں تقریباً 41 فیصد حصہ اسپین کا تھا،حکومت نے بجٹ خسارہ بھی 2023 کے 3.3 فیصد سے کم کرکے 2026 میں 2.6 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا ہے
لیکن معاشی ترقی کے باوجود قوت خرید میں بہتری نہیں آئی،کائیکسا بینک کے تجزیے کے مطابق 2019 سے 2025 کے درمیان اسپین میں حقیقی اجرتوں میں اوسطاً 0.3 فیصد کمی ہوئی،اس کا مطلب ہے کہ مہنگائی کو نکالنے کے بعد ملازمین کی آمدنی میں حقیقی اضافہ نہیں ہوا،اکتوبر 2026 میں مہنگائی کی شرح 4.9 فیصد تک پہنچ گئی، جو فروری 2023 کے بعد بلند ترین سطح ہے
رہائش کا بحران بھی انتخابی مہم کا مرکزی موضوع بن چکا ہے،ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 2015 سے 2025 کے درمیان اسپین میں مکانوں کی حقیقی قیمتوں میں 43 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ یورپی یونین میں یہ اضافہ اوسطاً 25 فیصد تھا،اسی عرصے میں کرایوں میں بھی 43 فیصد اضافہ ہوا،2025 میں 18 سے 34 سال کی عمر کے تقریباً دو تہائی نوجوان اپنے والدین کے ساتھ رہ رہے تھے، جن میں سے بڑی تعداد اپنی آمدنی میں مکان خریدنے یا کرایہ ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتی،اسپین میں تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار مکانات کی کمی کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے
غذائی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ عام خاندانوں کے بجٹ پر اثرانداز ہوا ہے،2015 سے 2025 کے دوران خوراک کی قیمتیں تقریباً 45 فیصد بڑھیں،تقریباً ہر چوتھا کرایہ دار اپنی آمدنی کا 40 فیصد سے زیادہ حصہ رہائش پر خرچ کر رہا ہے،یہی وجہ ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے باوجود عوام کی بڑی تعداد خود کو پہلے سے زیادہ مالی دباؤ میں محسوس کرتی ہے
اس معاشی صورتحال کا اثر چھوٹے کاروباروں پر بھی پڑا ہے،اسپین کی تقریباً 95 فیصد کمپنیوں کا تعلق چھوٹے کاروباری شعبے سے ہے،لیبر اصلاحات کے نتیجے میں ملازمین کی اجرتوں میں اضافہ ہوا، لیکن کاروباری مالکان کے اخراجات بھی بڑھے،ایکسٹریمادورا کے بعض کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بڑھتی اجرتوں، توانائی اور دیگر اخراجات کو برداشت کرنا مشکل ہو گیا ہے،کچھ روایتی بائیں بازو کے ووٹر بھی اب کنزرویٹو پیپلز پارٹی یا دائیں بازو کی جماعت ووکس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
سیاسی محاذ پر اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما البرٹو نونیز فیخو نے اوسط تنخواہ تقریباً 29,500 یورو سے بڑھا کر 50 ہزار یورو کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے تفصیلی منصوبہ پیش نہیں کیا،دوسری جانب ووکس نے بڑے پیمانے پر ٹیکسوں میں کمی اور فلاحی مراعات محدود کرنے کی تجاویز دی ہیں،سانچیز کی سوشلسٹ پارٹی کا مؤقف ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات تمام طبقات تک یکساں طور پر نہیں پہنچے اور اس عدم توازن کو دور کرنے کی ضرورت ہے
29 نومبر کے انتخابات میں رہائش، مہنگائی، روزگار کے معیار اور قوت خرید کے مسائل ووٹروں کے اہم فیصلوں پر اثرانداز ہوں گے،رائے عامہ کے جائزوں میں پیپلز پارٹی کو سوشلسٹ پارٹی پر برتری حاصل ہے، تاہم اسے حکومت بنانے کے لیے دائیں بازو کی جماعت ووکس کی حمایت درکار ہو سکتی ہے،آٹھ سال سے اقتدار میں موجود پیڈرو سانچیز کے لیے اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ مضبوط معاشی اعدادوشمار کو عوام کی روزمرہ زندگی میں محسوس ہونے والی بہتری سے کس طرح جوڑتے ہیں






