Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

بچوں کو جنسی نوعیت کے پیغامات بھیجنے کے الزامات، ایپل نے چینی کمپنی کا مقبول اے آئی چیٹ بوٹ ایپ ٹاکی دنیا بھر میں ایپ اسٹور سے ہٹا دیا

بچوں کو جنسی نوعیت کے پیغامات بھیجنے کے الزامات، ایپل نے چینی کمپنی کا مقبول اے آئی چیٹ بوٹ ایپ ٹاکی دنیا بھر میں ایپ اسٹور سے ہٹا دیا

ایپل نے چینی کمپنی منی میکس (MiniMax) کی مقبول مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ ایپلی کیشن ٹاکی (Talkie) کو بچوں کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات کے باعث دنیا بھر میں اپنے ایپ اسٹور سے ہٹا دیا ہے،یہ اقدام ان میڈیا رپورٹس کے بعد کیا گیا جن میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ایپ میں موجود اے آئی کردار نابالغ بچوں کو جنسی نوعیت کے نامناسب اور توہین آمیز پیغامات بھیج رہے تھے
منی میکس کا صدر دفتر شنگھائی میں ہے اور اس کی یہ ایپ 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی،ٹاکی صارفین کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مختلف کرداروں کے ساتھ گفتگو کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے،ان کرداروں میں ایسے ورچوئل ساتھی بھی شامل ہیں جن کے ساتھ گفتگو میں رومانوی اور ذاتی نوعیت کے موضوعات شامل ہوتے ہیں،کمپنی چین میں اسی ایپ کا مقامی ورژن شینگ یے (Xingye) کے نام سے بھی پیش کرتی ہے
برطانوی ادارے بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم اور امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے بدھ کو اپنی تحقیقات میں رپورٹ کیا کہ ایپ کے بعض اے آئی کرداروں نے بچوں کے ساتھ جنسی طور پر نامناسب اور توہین آمیز گفتگو کی،ان رپورٹس نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے بچوں تک ایسے مواد کی رسائی اور ان کی آن لائن حفاظت کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں
ٹاکی ایپل ایپ اسٹور اور گوگل پلے اسٹور دونوں پر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے مخصوص تھی۔ مختلف ممالک میں کمپنی کی پالیسی کے مطابق 14 یا 16 سال سے کم عمر بچوں کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت نہیں تھی،تاہم بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس نظام پر تنقید کی ہے کیونکہ صارفین اپنی عمر خود درج کر سکتے تھے اور عمر کی تصدیق کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات ناکافی تھے
اس حوالے سے سامنے آنے والی تحقیقات میں مزید انکشافات بھی ہوئے ہیں،آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز اور برطانوی تحقیقاتی ادارے بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کی مشترکہ تحقیق کے مطابق ایک 12 سالہ بچی کو ایپ کے ایک مصنوعی ذہانت سے چلنے والے کردار نے توہین آمیز پیغامات بھیجے، جن میں اسے بے کار اور ناکام قرار دینے کے بعد محبت اور ملکیت جتانے والے جملے بھی شامل تھے۔ امریکہ اور دیگر ممالک میں والدین نے بھی اپنے بچوں کے ساتھ اسی نوعیت کے نامناسب مکالموں کی شکایات کی ہیں
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2026 میں ٹاکی کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے مجموعی ماہانہ صارفین کی تعداد تقریباً 11 ملین تھی،یہ ایپ منی میکس کی آمدنی کا بھی اہم ذریعہ رہی ہے،کمپنی کی چینی ایپ شینگ یے کے ساتھ مل کر ان دونوں پلیٹ فارمز نے 2024 میں منی میکس کی مجموعی آمدنی کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ پیدا کیا تھا
تحقیقات میں کمپنی کی کاروباری حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں،کمپنی کی بعض داخلی دستاویزات اور انجینئرنگ مواد سے ظاہر ہوتا ہے کہ صارفین کو طویل وقت تک ایپ پر مصروف رکھنے کے لیے مصنوعی کرداروں کے ساتھ جذباتی وابستگی بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کی گئی،بعض کرداروں کو حسد، ملکیت جتانے اور صارف سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنے والے انداز میں گفتگو کرنے کی ہدایات بھی دی گئی تھیں،ماہرین کے مطابق بچوں کے لیے اس قسم کی جذباتی وابستگی نفسیاتی اور سماجی مسائل پیدا کر سکتی ہے
ایک اور تشویش صارفین کی نجی گفتگو اور ذاتی معلومات کے استعمال سے متعلق ہے،تحقیق میں منی میکس کی بعض دستاویزات اور پیٹنٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صارفین کی گفتگو مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تربیت میں استعمال ہونے کا امکان موجود ہے، حالانکہ ایپ کے عمومی سوالات کے حصے میں ان مکالموں کو نجی قرار دیا گیا تھا۔ کمپنی نے اس بارے میں تحقیقاتی اداروں کے سوالات کا جواب نہیں دیا
چین نے بھی جولائی 2026 میں نابالغوں کے لیے اے آئی پر مبنی ورچوئل رومانوی تعلقات اور ساتھیوں کی خدمات کے حوالے سے پابندیاں سخت کی تھیں،اس کے باوجود چینی کمپنیوں کی ایسی ایپس بیرون ملک بچوں تک پہنچ رہی ہیں، جس نے بین الاقوامی سطح پر ضابطہ سازی کی ضرورت کو نمایاں کر دیا ہے
ایپل نے ٹاکی کو دنیا بھر کے اپنے ایپ اسٹورز سے ہٹا دیا ہے، تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر دستیاب رہی اور وہاں اس کے 50 ملین سے زیادہ ڈاؤن لوڈز ہو چکے تھے،ایپل اور منی میکس نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا
یہ واقعہ مصنوعی ذہانت کی تیزی سے پھیلتی صنعت کے لیے ایک اہم سوال کھڑا کرتا ہے کہ کیا ٹیکنالوجی کمپنیاں بچوں کو محفوظ رکھنے کے مؤثر انتظامات کیے بغیر انہیں ایسے ڈیجیٹل کرداروں کے ساتھ طویل اور ذاتی نوعیت کی گفتگو کی اجازت دے سکتی ہیں

قومی خبریں سے مزید