اینویڈیا کے اعلیٰ عہدیدار کی چینی روابط رکھنے والی کمپنی کی خاتون افسر سے شادی، چپ اسمگلنگ تحقیقات کے باعث تعلقات زیرِ نگرانی
اینویڈیا کے عالمی سیلز آپریشنز کے سابق انڈین نژاد سربراہ جے پوری اور سپر مائیکرو کمپیوٹر کی سابق اعلیٰ عہدیدار سینلی چن کے کئی سالہ رومانوی تعلق اور شادی نے اس وقت توجہ حاصل کر لی ہے جب چن کی سابق کمپنی پر چین کو امریکی پابندیوں سے بچا کر جدید اے آئی چپس پہنچانے کے مبینہ اسکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں،اس معاملے نے اینویڈیا کے چپ سپلائی نظام، کاروباری تعلقات اور مفادات کے ممکنہ تصادم پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق جے پوری، جو اینویڈیا میں عالمی چپ فروخت کے اہم عہدیدار رہے ہیں اور جنکے بارے میں کہا جاتاہے اُنہوں نے اینویڈیو سے ملازمت جیسن ہونگ کی صاحبزادی سے ایک تلخ کلامی کے بعد چھوڑی، سینلی چن کے ساتھ کئی سال تعلقات میں رہے،دونوں نے 7 مارچ 2026 کو کیلیفورنیا کے علاقے بگ سر میں شادی کی،جے پوری اس وقت پوری اینویڈیا کے جدید اے آئی چپس کی عالمی فروخت اور مختلف کمپنیوں کو ان کی فراہمی کے نظام میں اہم ذمہ داری رکھتے تھے، جبکہ چن سپر مائیکرو کمپیوٹر میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھیں
سپر مائیکرو کمپیوٹر اینویڈیا کے اے آئی چپس سے لیس سرورز تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شامل ہے،چن کمپنی میں بطور چیف گروتھ آفیسر کام کرتے ہوئے بڑے صارفین اور اینویڈیا کے ساتھ کاروباری معاملات میں سرگرم تھیں،سابق ملازمین کے مطابق وہ اینویڈیا سے چپس کی فراہمی اور صارفین کے لیے سرورز کے حصول کے معاملات میں رابطے کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی تھیں
یہ تعلق ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی محکمہ انصاف سپر مائیکرو سے وابستہ افراد کے خلاف چین کو جدید ٹیکنالوجی منتقل کرنے کے مبینہ غیر قانونی منصوبے کی تحقیقات کر رہا ہے،مارچ میں کمپنی کے شریک بانی والی لیاو سمیت تین افراد پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے جنوب مشرقی ایشیا کے ذریعے تقریباً 2.5 ارب ڈالر مالیت کے سرورز کے آرڈر کیے، جن میں سے کم از کم 510 ملین ڈالر کے سرورز مبینہ طور پر چین منتقل کیے گئے،ان سرورز میں اینویڈیا کے جدید اے آئی چپس نصب تھے
سپر مائیکرو کے شریک بانی والی لیاو نے الزامات مسترد کرتے ہوئے عدالت میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے،کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کا شکار ہوئی، حکام سے تعاون کر رہی ہے اور داخلی تحقیقات میں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اعلیٰ انتظامیہ کو سرورز چین منتقل کرنے کے مبینہ منصوبے کا علم تھا
سینلی چن کا نام اس مقدمے میں بطور ملزم شامل نہیں ہے اور ان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان سے رابطہ نہیں کیا،انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ چپس کی خریداری یا انتخاب کی ذمہ دار نہیں تھیں اور ان کے ذاتی تعلقات کا پیشہ ورانہ معاملات سے کوئی تعلق نہیں تھا،سپر مائیکرو نے بھی کہا ہے کہ چن کمپنی کے مجموعی اینویڈیا تعلقات یا گرافکس پروسیسنگ یونٹس کی خریداری کی نگرانی نہیں کرتی تھیں
چن رواں سال سپر مائیکرو سے الگ ہو کر کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی ChronoScale کی چیف ایگزیکٹو بن گئی ہیں،تاہم ان کے اور جے پوری کے تعلقات نے اینویڈیا اور اس کے کاروباری شراکت داروں کے درمیان چپس کی فراہمی، ممکنہ مفادات کے تصادم اور چین تک حساس ٹیکنالوجی پہنچنے کے خدشات پر بحث کو مزید تیز کر دیا ہے
رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں جے پوری یا سینلی چن کے ملوث ہونے کا الزام ثابت نہیں ہوا، تاہم اینویڈیا کے اہم عہدیدار اور اس کے بڑے کاروباری شراکت دار کی سابق افسر کے درمیان تعلق نے کمپنی کے حساس کاروباری فیصلوں کی شفافیت پر سوالات ضرور پیدا کیے ہیں






