Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکہ میں بھی آوارہ کتوں کے غول کا حملہ، سابق فوجی خاتون کی ہلاکت نے جانوروں کی نگرانی کے نظام پر سوال اٹھا دیے

امریکہ میں بھی آوارہ کتوں کے غول کا حملہ، سابق فوجی خاتون کی ہلاکت نے جانوروں کی نگرانی کے نظام پر سوال اٹھا دیے

اٹلانٹا : امریکہ میں عام طور پر کتوں کو گھروں میں پالتو جانوروں کے طور پر رکھا جاتا ہے، انہیں باقاعدہ رجسٹر کیا جاتا ہے، ویکسین لگائی جاتی ہیں اور باہر لے جاتے وقت پٹے کے ساتھ رکھنے کے قوانین پر عمل کیا جاتا ہے،امریکی شہروں کی سڑکوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں پاکستان یا تیسری دنیاؤں کے معاشروں جیسے ممالک کی طرح آوارہ کتوں کے بڑے غول نظر آنا معمول کی بات نہیں، تاہم بعض دیہی علاقوں، چھوٹے قصبوں، جنگلات کے قریب آبادیوں اور ایسے علاقوں میں جہاں جانوروں کی نگرانی کمزور ہو، آزادانہ گھومنے والے یا لاوارث کتوں کی موجودگی ایک مسئلہ بن سکتی ہے
جارجیا میں 36 سالہ سابق امریکی فوجی ایلیسن لین اینڈرسن کی کتوں کے حملے میں ہلاکت نے اسی غیر معمولی خطرے سامنے آیا ہے،تین بچوں کی ماں ایلیسن کی موت نہ صرف ان کے خاندان کے لیے ایک المناک سانحہ ہے بلکہ اس واقعے نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ امریکہ جیسے ملک میں متعدد کتوں کو ایک علاقے میں آزادانہ گھومنے اور انسانوں کے لیے خطرہ بننے سے روکنے کے لیے مقامی انتظامیہ اور جانوروں کی نگرانی کے ادارے کیا اقدامات کر رہے تھے
امریکہ میں آوارہ کتوں کی موجودگی زیادہ تر دیہی علاقوں، کم آبادی والے قصبوں، جنگلات یا کھیتوں کے قریب اور ان مقامات پر سامنے آتی ہے جہاں کتے چھوڑ دیے جاتے ہیں، مالکان انہیں قابو میں نہیں رکھتے یا جانوروں کی نگرانی اور پکڑنے کے نظام کو عملی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے،بعض علاقوں میں آزادانہ گھومنے والے کتوں کے گروہ بن سکتے ہیں، خصوصاً جہاں خوراک کی دستیابی، غیر محفوظ ماحول اور کتوں کی افزائش پر قابو نہ ہونے کے باعث ان کی تعداد بڑھتی جائے
جارجیا سمیت امریکی ریاستوں میں جانوروں کو سڑکوں اور عوامی مقامات پر بے قابو چھوڑنا قانونی خلاف ورزی ہو سکتی ہے،مقامی حکومتوں کے پاس ڈاگ کنٹرول افسران، اینیمل کنٹرول اور جانوروں کو پکڑ کر تحویل میں لینے کے نظام موجود ہیں،لیکن قوانین کا موجود ہونا اور ان پر ہر علاقے میں مؤثر عمل درآمد ہونا دو الگ چیزیں ہیں،دیہی اور دور دراز علاقوں میں عملے، وسائل، شکایات کی بروقت اطلاع اور مختلف مقامی اداروں کے درمیان رابطے کی کمی مسائل پیدا کر سکتی ہے
جارجیا کے قوانین کے تحت مقامی حکومتیں کتوں کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے افسران مقرر کرتی ہیں، جبکہ متعدد کاؤنٹیوں میں کتوں کو آزادانہ گھومنے، لوگوں پر حملہ کرنے یا دوسرے جانوروں کے لیے خطرہ بننے سے روکنے کے ضابطے موجود ہیں،اگر کسی کتے کو بے قابو پایا جائے تو اسے پکڑ کر تحویل میں بھی لیا جا سکتا ہے۔@
امریکہ میں کتوں کی بڑی تعداد پالتو جانوروں کے طور پر گھروں میں رہتی ہے،انہیں جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جانا، ویکسین لگوانا، لائسنس حاصل کرنا اور گھروں یا باڑ والے احاطوں میں رکھنا عام طرزِ زندگی کا حصہ ہے،بڑے شہروں کی سڑکوں، شاپنگ ایریاز اور رہائشی محلوں میں آوارہ کتوں کے غول معمول کے طور پر نظر نہیں آتے،اگر کوئی کتا گھر سے نکل کر سڑک پر آ جائے تو عموماً اسے پکڑنے، مالک تک پہنچانے یا جانوروں کی متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دینے کا نظام موجود ہوتا ہے
تاہم امریکہ میں بھی جانوروں کو چھوڑ دینے، غیر ذمہ دارانہ افزائش، مالک کی جانب سے نگرانی نہ کرنے اور بعض دیہی علاقوں میں جانوروں کے آزادانہ گھومنے کے مسائل موجود ہیں،ایسے حالات میں ایک سے زیادہ کتے اکٹھے ہو سکتے ہیں اور اگر وہ انسانوں پر حملہ آور ہو جائیں تو صورت حال انتہائی خطرناک بن سکتی ہے،یہ واقعہ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ امریکہ میں بھی جانوروں کی نگرانی کے نظام کو ہر علاقے میں یکساں مؤثر بنانے کی ضرورت ہے
جارجیا میں جانوروں کی نگرانی بنیادی طور پر مقامی کاؤنٹی اور میونسپل اداروں کے ذمہ ہوتی ہے،بارٹو کاؤنٹی میں اینیمل کنٹرول کا ادارہ کتوں کو پکڑنے اور تحویل میں لینے کا اختیار رکھتا ہے،تاہم ایلیسن اینڈرسن کی ہلاکت کے بعد یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آیا علاقے میں پہلے بھی ان کتوں کی موجودگی، ان کے آزادانہ گھومنے یا کسی خطرے کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھیں، اور اگر ایسا تھا تو ان شکایات پر کیا کارروائی کی گئی
ابھی تک حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ حملے میں کتنے کتے شامل تھے، ان کا مالک کون تھا، آیا تمام کتوں کو پکڑ لیا گیا ہے یا نہیں، اور حملے سے پہلے کسی شہری نے ان کے بارے میں شکایت کی تھی،ان سوالات کے جوابات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے
ایلیسن کی موت نے ان کے خاندان کو ایک ایسے دکھ میں مبتلا کر دیا ہے جس کا تصور بھی مشکل ہے،ان کی 20 سالہ بیٹی مائلی گارنر اپنے پہلے بچے کی توقع کر رہی ہیں، مگر وہ اپنی والدہ کو یہ خوشخبری سنانے سے پہلے ہی انہیں کھو بیٹھیں،ایلیسن اب اپنی پہلی نواسی یا پوتے سے ملنے کے لیے دنیا میں موجود نہیں، جبکہ ان کی بیٹی کے لیے یہ خوشی ایک ناقابلِ بیان صدمے میں بدل گئی ہے
یہ واقعہ امریکہ میں آوارہ جانوروں کی موجودگی کے حوالے سے ایک غیر معمولی اور تشویش ناک پہلو سامنے لاتا ہے،جہاں جانوروں کی حفاظت اور حقوق کے لیے سخت قوانین بنائے جاتے ہیں، وہاں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے جانوروں اور ان کے غیر ذمہ دار مالکان کے خلاف بروقت کارروائی بھی اتنی ہی ضروری ہے،ایلیسن اینڈرسن کی ہلاکت اب صرف ایک خاندان کا سانحہ نہیں بلکہ مقامی انتظامیہ، جانوروں کے مالکان اور کمیونٹی کی ذمہ داریوں سے متعلق ایک سنجیدہ سوال بن چکی ہے
تحقیقات جاری ہیں، اور حکام نے ابھی تک کتوں کی تعداد، مالکان اور حملے کے مکمل حالات کی تصدیق نہیں کی

قومی خبریں سے مزید