Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

کراچی اسٹائل کے قتل پنجاب میں بھی شروع، گوجرانوالہ میں بوری بند لاش برآمد، معمولی ادھار کی رقم پر دوست کو زہر دے کر قتل کردیا گیا

کراچی اسٹائل کے قتل پنجاب میں بھی شروع، گوجرانوالہ میں بوری بند لاش برآمد، معمولی ادھار کی رقم پر دوست کو زہر دے کر قتل کردیا گیا

گوجرانوالہ: پنجاب میں بھی کراچی طرز کے بوری بند قتل کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں جنڈیالہ باغوالہ کے علاقے میں ایک شخص کو محض ادھار کی رقم واپس مانگنے پر زہر دے کر قتل کردیا گیا اور بعدازاں اس کی لاش بوری میں بند کرکے ایک خالی پلاٹ میں پھینک دی گئی،پولیس نے واقعے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے
سی پی او گوجرانوالہ صہیب اشرف کے مطابق مقتول کو اس کے اپنے دوستوں نے قتل کیا،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نے ملزمان کو رقم ادھار دی تھی اور واپسی کا مطالبہ کرنے پر انہوں نے اسے زہر دے دیا، جس سے اس کی موت واقع ہوگئی،قتل کے بعد ملزمان نے لاش بوری میں بند کی اور خالی پلاٹ میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تفتیش کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے
ایک زمانے میں کراچی میں بوری بند لاشوں کی برآمدگی شہر کی بدترین بدامنی اور سیاسی و جرائم پیشہ تشدد کی علامت بن گئی تھی،بالخصوص لسانی اور سیاسی کشیدگی کے ادوار میں ایسے واقعات نے شہر کو خوف کی فضا میں مبتلا کیے رکھا،اب پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بھی بوری بند لاش کا یہ واقعہ تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان پر کئی سوالات اٹھا رہا ہے
ملک میں بڑھتی غربت، بے روزگاری، معاشی دباؤ اور بدامنی کے ماحول میں معمولی مالی تنازعات کا اس حد تک سنگین جرائم میں تبدیل ہونا معاشرتی صورت حال کی تشویش ناک تصویر پیش کرتا ہے،چند ہزار یا معمولی ادھار کی رقم کے تنازعہ پر کسی انسان کو زہر دے کر قتل کرنا اور لاش کو بوری میں بند کرکے پھینک دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت اور تشدد کس حد تک خطرناک شکل اختیار کر رہے ہیں
گوجرانوالہ کا یہ واقعہ اسی بگڑتی ہوئی صورت حال کی ایک کڑی ہے، جہاں مالی مشکلات، سماجی بے چینی اور قانون شکنی کے ماحول میں انسانی جان کی قیمت کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے

قومی خبریں سے مزید