نئے صوبوں کے حق میں پی ٹی آئی میں اسٹیبلشمنٹ کا ونگ بھی متحرک، علی ظفر نے کراچی کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد: پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث اب ایک نئی سیاسی صورت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے،مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے بعد تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر بھی کھل کر نئے صوبوں کے حق میں سامنے آگئے ہیں،انہوں نے کراچی کی آبادی کو بنیاد بناتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کراچی کی آبادی کئی ملکوں سے زیادہ ہے تو اسے الگ صوبہ کیوں نہیں بنایا جا سکتا؟ ان کے اس بیان نے اس بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے کہ آیا نئے صوبوں کا معاملہ صرف انتظامی اصلاحات کا ہے یا اس کے پیچھے مقتدر حلقوں کی کوئی وسیع تر سیاسی حکمت عملی بھی موجود ہے
علی ظفر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے صوبے ہر صورت بننے چاہئیں،سندھ میں بھی نئے صوبے بنانے پر کوئی آئینی ممانعت نہیں اور کراچی کو الگ صوبہ بنانے کے ساتھ جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب کو بھی علیحدہ صوبوں کی شکل دی جا سکتی ہے
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان بھی نئے صوبوں کے حامی ہیں اور ان کا پیغام ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق مجوزہ مسودہ سامنے آنے کے بعد پارٹی اپنا حتمی مؤقف دے گی،علی ظفر کے مطابق تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اہم فیصلے سیاسی مشاورت کے بعد کرتی ہے۔ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا
علی ظفر کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم عوامی رائے جاننے کا ایک طریقہ ہے، تاہم صوبے بنانے کا آئینی طریقہ وہی رہے گا جو آئین میں درج ہے
بیرسٹر علی ظفر کا تعلق بھی ایک ایسے سیاسی و قانونی خاندان سے ہے جس کے مقتدر حلقوں سے روابط کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے،ان کے والد ایس ایم ظفر ایوب خان کے دور میں 1965 سے 1969 تک وزیر قانون و پارلیمانی امور رہے اور بعد ازاں جنرل پرویز مشرف کے دور میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے،وہ 2002 سے 2012 تک سینیٹ کے رکن رہے،علی ظفر خود بھی اب تحریک انصاف کے اہم قانونی اور سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں،انہیں بعض سیاسی حلقے تحریک انصاف کے اندر اسٹیبلشمنٹ سے قربت رکھنے والے دھڑے سے منسوب کرتے ہیں،
اس سے پہلے چوہدری شجاعت حسین بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں بیان دے چکے ہیں، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی مسلسل انتظامی اکائیوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں،وزیر دفاع خواجہ آصف بھی نئے صوبوں کے قیام کے امکان کو نئے سال سے جوڑ چکے ہیں،یوں مختلف سیاسی جماعتوں اور مقتدر حلقوں سے قریبی تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے اس معاملے پر مسلسل اظہار خیال ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے
اس صورت حال میں بنیادی سوال یہ ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کی مہم میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک کے بعد ایک کیوں متحرک ہو رہے ہیں؟ کیا یہ محض اتفاق ہے کہ اس بحث میں ایسے سیاسی خاندانوں اور شخصیات کی آوازیں بھی شامل ہو رہی ہیں جن کے مقتدر حلقوں سے تاریخی روابط رہے ہیں، یا ملک کے انتظامی اور سیاسی نقشے میں تبدیلی کے کسی منصوبے پر پس پردہ کام جاری ہے؟
تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے نئے صوبوں کی تعداد، حدود یا مجوزہ آئینی ترمیم کا کوئی حتمی مسودہ سامنے نہیں آیا، اور نہ ہی وزیراعظم نے اس معاملے پر لب کشائ کی ہے ، آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت کے علاوہ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی بھی دو تہائی منظوری ضروری ہے،اس لیے سیاسی بیانات اور عملی آئینی پیش رفت کے درمیان ابھی ایک بڑا مرحلہ باقی ہے






