Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پاکستانی ڈرامے ’دارِ نجات‘ نے بھارت میں بھی دھوم مچا دی، دہلی میں مداحوں کی خصوصی تقریب، ہدایت کار ثاقب خان سے 40 منٹ گفتگو

پاکستانی ڈرامے ’دارِ نجات‘ نے بھارت میں بھی دھوم مچا دی، دہلی میں مداحوں کی خصوصی تقریب، ہدایت کار ثاقب خان سے 40 منٹ گفتگو

نئی دہلی: پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باوجود پاکستانی ڈرامے ’دارِ نجات‘ نے بھارتی ناظرین میں مقبولیت حاصل کر لی ہے،ڈرامے میں ابو بکر کا کردار ادا کرنے والے شہریار منور بھارتی خواتین ہی نہیں، مرد ناظرین میں بھی پسند کیے جا رہے ہیں،مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نئی دہلی میں مداحوں نے ایک کیفے میں ڈرامے کی خصوصی واچ پارٹی منعقد کی، جہاں شرکا نے اجتماعی طور پر اس کی 33ویں قسط دیکھی اور ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان سے براہ راست گفتگو بھی کی
بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ تقریب ’ٹیلز آف سٹی آفیشل‘ نے حمزہ خان کے اشتراک سے منعقد کی،منتظمین کو ابتدا میں خدشہ تھا کہ پاکستانی ڈرامے کی اسکریننگ پر منفی ردعمل سامنے آ سکتا ہے، تاہم تقریب کے منتظم اور ادارے کے بانی سفیان خان نے بتایا کہ انہیں ایک بھی منفی پیغام موصول نہیں ہوا،اس کے برعکس تقریب کے اعلان کے بعد ان کے سوشل میڈیا ان باکس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی خواہش ظاہر کی اور اب مزید واچ پارٹی منعقد کرنے کے مطالبات بھی کیے جا رہے ہیں
منتظمین نے جگہ کی گنجائش کے باعث رجسٹریشن صرف 45 افراد تک محدود رکھی تھی، لیکن سفیان خان کے مطابق سیکڑوں افراد نے تقریب میں شرکت کے بارے میں معلومات حاصل کیں،داخلے کا ٹکٹ 899 بھارتی روپے رکھا گیا تھا، جس میں کھانا، خوش آمدیدی مشروب اور ڈرامے کی اسکریننگ شامل تھی،شرکا کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ڈرامے کے اپنے پسندیدہ یا ناپسندیدہ کردار، یعنی ابو بکر، زریاب یا زامل، کے انداز میں لباس پہن کر آئیں اور اپنی پسند کے کردار کی ٹیم کا حصہ بنیں،تقریب میں کھیلوں اور سوال و جواب کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا
تقریب میں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی تھا کہ ڈرامہ دیکھنے والوں میں خواتین کے مقابلے میں مردوں کی تعداد زیادہ تھی،سفیان خان کے مطابق تقریب میں تقریباً 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین شریک ہوئیں،اسکریننگ کے بعد ڈرامے کے ہدایت کار ثاقب خان نے ویڈیو کال کے ذریعے شرکا سے گفتگو کی،یہ نشست ابتدا میں صرف 10 منٹ کے لیے طے کی گئی تھی، لیکن ناظرین کی دلچسپی اور مسلسل سوالات کے باعث تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی،شرکا نے کرداروں کی تشکیل، کہانی کے مختلف پہلوؤں اور ڈرامے کی فلم بندی اور بصری انداز کے بارے میں سوالات کیے
ثاقب خان بھی بھارت سمیت مختلف ملکوں میں ڈرامے کی مقبولیت پر حیران تھے،سفیان خان کے مطابق ڈرامے کی ٹیم کا کہنا ہے کہ چار ملکوں میں اس کے ناظرین موجود ہیں اور بھارت میں اسے ملنے والی پذیرائی پاکستان سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے
ڈرامے میں ابو بکر کے کردار کی مقبولیت کی بنیادی وجہ اس کی شخصیت کو قرار دیا جا رہا ہے،شہریار منور نے ایک ایسے نرم گفتار، صابر، محبت کرنے والے اور جذباتی طور پر بالغ شخص کا کردار ادا کیا ہے جو روایتی ڈرامائی ہیرو کی طرح جارحانہ یا حد سے زیادہ مردانہ رویہ اختیار نہیں کرتا،سفیان خان کے مطابق ناظرین ایسے کرداروں کو پسند کر رہے ہیں جو تعلقات میں استحکام، مہربانی اور احساس ذمہ داری کی نمائندگی کرتے ہیں،ان کے بقول معاشرے میں ایسے لوگ ہمیشہ موجود رہے ہیں، لیکن عام طور پر کہانیوں میں انہیں وہ توجہ نہیں دی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں
’دارِ نجات‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے اور اس کی ہدایت کاری ثاقب خان نے کی ہے،اس میں زریاب کا کردار درِ فشاں سلیم اور زامل کا کردار نعیر نواز خان ادا کر رہے ہیں، جبکہ شہریار منور ابو بکر کے روپ میں نظر آتے ہیں،کہانی میں زریاب کو محبت میں دھوکا ملنے کے بعد اپنی زندگی اور مذہب سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،زامل مذہب کو دوسروں پر تنقید اور فیصلے صادر کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے، جبکہ ابو بکر کا کردار مذہبی وابستگی کو بہتر انسان بننے، دوسروں کو سمجھنے اور ان کے ساتھ ہمدردی کرنے کا ذریعہ بناتا ہے۔ یہی فرق ڈرامے کے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے
سفیان خان کے مطابق ڈرامے کی مقبولیت کی ایک وجہ اس کے موضوعات کا عام زندگی سے تعلق بھی ہے،والدین اور نوجوانوں کے مسائل، محبت میں ناکامی، ٹوٹتے تعلقات، مذہبی رویے اور دوسروں کے سامنے دینداری کا اظہار جیسے موضوعات مختلف معاشروں کے ناظرین کے لیے قابل فہم ہیں
دہلی میں ہونے والی اس تقریب کے بعد منتظمین کو ایک اور اسکریننگ کے لیے مسلسل پیغامات موصول ہو رہے ہیں،سفیان خان نے بتایا کہ ڈرامے کی آخری قسط کے موقع پر ایک بڑی واچ پارٹی منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا،ان کا کہنا تھا کہ فن اور ثقافت دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان مکالمے کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں،سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ان کے باعث ایسی مثبت ثقافتی سرگرمیوں کے دروازے بند نہیں ہونے چاہییں

قومی خبریں سے مزید