بھارت نیپال تعلقات میں نیا موڑ:مودی کی بالین شاہ سے قربت کا اظہار، برسوں کی بداعتمادی ختم کرنے کی کوشش
نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نیپال کے وزیراعظم بالیندر شاہ، جنہیں بالین شاہ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کی قیادت اور مستقبل کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گفتگو سے نیپال کی ترقی اور بھارت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کا اندازہ ہوا ہے،دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات 23 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس (Hyderabad House) میں ایسے وقت ہوئی ہے جب بھارت اور نیپال کے تعلقات گزشتہ ایک دہائی سے سرحدی تنازعات، سیاسی اختلافات اور ایک دوسرے پر عدم اعتماد کے باعث اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں
مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ چند ماہ قبل اقوام متحدہ میں بالین شاہ کی تقریر سے ان کی دور اندیشی کا اندازہ ہوا تھا اور اب براہ راست ملاقات میں بھی انہوں نے نیپال کے مستقبل اور دونوں ملکوں کے تعلقات کے بارے میں ان کا واضح وژن محسوس کیا ہے،مودی نے کہا کہ بھارت ایک مضبوط اور خوشحال نیپال کے سفر میں ہمیشہ قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھے گا،بالین شاہ نے بھی بھارت کو قابل اعتماد ہمسایہ قرار دیتے ہوئے قدرتی آفات اور مشکل حالات میں مدد پر شکریہ ادا کیا
اس ملاقات کی اہمیت سمجھنے کے لیے دونوں ملکوں کے تعلقات کا گزشتہ 10 سے 15 برس کا پس منظر دیکھنا ضروری ہے،بھارت اور نیپال کے درمیان کھلی سرحد، مذہبی و ثقافتی رشتے، تجارت اور عوامی آمدورفت کے گہرے روابط موجود ہیں، لیکن سیاسی سطح پر کئی تنازعات نے ان تعلقات کو متاثر کیا ہے
2015 میں نیپال نے نیا آئین منظور کیا تو بھارت نے اس پر اعتراض کیا اور کہا کہ اس میں بھارت سے ثقافتی تعلق رکھنے والی مدھیسی آبادی کے مفادات کا مناسب تحفظ نہیں کیا گیا،اسی دوران نیپال کو بھارت کی جانب سے غیر اعلانیہ سرحدی ناکہ بندی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ایندھن اور دیگر ضروری اشیا کی شدید قلت پیدا ہوئی،نیپال نے اسے اپنی خودمختاری میں مداخلت قرار دیا،اس بحران کے بعد نیپال نے چین کے ساتھ تجارتی اور سفارتی روابط بڑھانے کی کوششیں تیز کر دیں
2020 میں سرحدی تنازعہ ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گیا جب نیپال نے اپنے نئے نقشے میں کالاپانی، لیپولیکھ اور لیمپیادھورا کے علاقوں کو اپنی سرزمین کا حصہ دکھایا،بھارت نے اس نقشے کو مسترد کیا اور ان علاقوں پر اپنے دعوے کو برقرار رکھا،یہ تنازعہ آج بھی دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ بالین شاہ نے 2026 میں نیپالی پارلیمان میں یہ بھی کہا تھا کہ بھارت نے نیپال کی زمین پر قبضہ کیا ہے، لیکن بعض مقامات پر نیپال کی جانب سے بھی بھارتی سرزمین پر تجاوزات ہوئی ہیں،اس بیان نے دونوں ملکوں میں سرحدی مسئلے پر نئی بحث چھیڑ دی تھی
بھارت کے لیے نیپال کی جغرافیائی حیثیت ہمیشہ حساس رہی ہے،دونوں ملکوں کے درمیان طویل اور کھلی سرحد ہے، جس کے باعث بھارت کو خدشہ رہتا ہے کہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی نیپال کی سرزمین کو بھارت کے خلاف سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتی ہے،بھارتی حکومت نے ماضی میں پارلیمان میں بھی نیپال کے راستے آئی ایس آئی کی سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کی تھی،2003 میں بھارتی وزارت خارجہ نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ نیپال میں پاکستانی سفارت خانے کے بعض اہلکاروں کو مبینہ طور پر دھماکا خیز مواد اور جعلی بھارتی کرنسی رکھنے کے واقعات میں پکڑا گیا تھا اور انہیں نیپال چھوڑنے کو کہا گیا تھا،
اسی تناظر میں اپریل 2017 میں پاکستان کے ایک سابق فوجی افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد حبیب ظاہر کی نیپال میں گمشدگی کا معاملہ بھی دونوں ملکوں کے سکیورٹی خدشات میں اہم رہا،وہ ملازمت کے انٹرویو کے بہانے نیپال گئے تھے اور 6 اپریل 2017 کو بھارتی سرحد کے قریب واقع علاقے لمبینی پہنچنے کے بعد لاپتا ہو گئے،پاکستانی دفتر خارجہ نے اس وقت کہا تھا کہ انہیں جعلی ملازمت کی پیشکش کے ذریعے نیپال بلایا گیا اور کسی دشمن انٹیلی جنس ایجنسی کے ملوث ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا،پاکستانی میڈیا اور بعض ذرائع نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا الزام بھی لگایا، لیکن بھارت کی جانب سے اس الزام کی تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی اس معاملے میں کوئی حتمی عوامی ثبوت سامنے آیا
پاکستانی دفتر خارجہ نے 2021 میں بھی بتایا تھا کہ محمد حبیب ظاہر کی گمشدگی کا معاملہ نیپالی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا، خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی قائم ہوئی، لیکن ان کی بازیابی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تھی،
نیپال کے ساتھ بھارت کی کشیدگی کا ایک اہم پہلو چین کا بڑھتا ہوا اثرورسوخ بھی ہے،2015 کی ناکہ بندی کے بعد نیپال نے چین کے ساتھ تجارتی راستوں، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی تعاون میں اضافہ کیا،دونوں ملکوں نے 2017 میں مشترکہ فوجی مشقیں بھی کیں اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں نیپال کی شمولیت کے لیے معاہدہ کیا،بھارت کے لیے یہ صورتحال اس لیے حساس ہے کہ نیپال اس کے شمالی سرحدی علاقے اور چین کے درمیان واقع ہے
بھارت کی علاقائی سفارت کاری کو صرف نیپال کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا،بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ڈھاکا اور نئی دہلی کے تعلقات میں بھی کشیدگی اور عدم اعتماد پیدا ہوا ہے،دوسری جانب پاکستان کے ساتھ بھارت کے تعلقات 2019 سے مسلسل تناؤ کا شکار ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی و سفارتی روابط محدود ہیں،ایسے ماحول میں نیپال کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا بھارت کی علاقائی پالیسی کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے
مودی اور بالین شاہ کی ملاقات میں محض سفارتی خیرسگالی کا اظہار نہیں ہوا بلکہ عملی تعاون کے متعدد اقدامات کا اعلان بھی کیا گیا،بھارت نے نیپال میں سیلاب کے بعد تعمیر نو اور طویل مدتی ترقی کے لیے 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے، یعنی تقریباً 1.62 ارب ڈالر کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا،دونوں ملکوں نے تعلیم، صحت، خلائی تحقیق، شہری ترقی، طب اور سرکاری ملازمین کی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں آٹھ مفاہمتی یادداشتوں پر بھی اتفاق کیا
اس کے علاوہ سرحدی سڑکوں اور ریل رابطوں، توانائی اور پن بجلی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے اقدامات کیے گئے،دونوں رہنماؤں نے سرحد پار ٹرین رابطے کا افتتاح کیا اور 669 میگاواٹ کے لوئر ارون پن بجلی منصوبے کی بنیاد رکھنے سمیت دیگر منصوبوں پر پیش رفت کی،بھارت نے نیپال کو ایندھن، کھاد اور دوسری ضروری اشیا کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی
یہ ملاقات دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی ایک اہم کوشش ضرور ہے، لیکن سرحدی تنازعات، ماضی کی ناکہ بندی، چین کے ساتھ نیپال کے تعلقات اور باہمی اعتماد کی کمی جیسے مسائل ابھی حل طلب ہیں،بالین شاہ کے لیے اصل امتحان یہ ہوگا کہ وہ بھارت کے ساتھ تعاون بڑھاتے ہوئے نیپال کی خودمختاری اور اپنے قومی مفادات پر سمجھوتہ کیے بغیر تعلقات کو متوازن رکھ سکیں،دوسری طرف بھارت کے لیے بھی ضروری ہوگا کہ وہ نیپال کو صرف اپنے سکیورٹی مفادات کے زاویے سے دیکھنے کے بجائے ایک خودمختار ہمسایہ ملک کے طور پر اس کے تحفظات کو اہمیت دے






