وفاقی اپیلز کورٹ نے حاملہ خواتین کو ملازمت میں سہولتیں دینے کا وفاقی قانون غیر آئینی قرار دے دیا، تین ریاستوں میں نفاذ متاثر ہونے کا خدشہ
واشنگٹن: امریکہ کی پانچویں سرکٹ کورٹ آف اپیلز نے حاملہ خواتین کو ملازمت کے دوران ضروری سہولتیں اور مناسب انتظامات فراہم کرنے کے وفاقی قانون کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کالعدم کر دیا ہے،عدالت کے 9 کے مقابلے میں 8 ججوں کے اکثریتی فیصلے کے مطابق کانگریس نے 2022 میں یہ قانون منظور کرتے وقت امریکی آئین کی خلاف ورزی کی تھی
نیو اورلینز میں قائم اپیلز کورٹ نے جمعے کو فیصلہ سنایا،اس فیصلے کے نتیجے میں ٹیکساس، لوزیانا اور مسیسیپی میں ’’پریگننٹ ورکرز فیئرنس ایکٹ‘‘ کا نفاذ متاثر ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ تینوں ریاستیں پانچویں سرکٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں،خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس فیصلے سے ملک کی دوسری ریاستوں میں بھی قانون کے مستقبل پر سوالات اٹھ سکتے ہیں
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قانون کی منظوری کے وقت امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان کی اکثریت جسمانی طور پر ایوان میں موجود نہیں تھی،دسمبر 2022 میں یہ قانون ایک بڑے سرکاری اخراجات کے پیکیج کا حصہ بنا کر منظور کیا گیا تھا،اس وقت کووڈ وبا کے دوران نافذ کیے گئے خصوصی قواعد کے تحت ارکان کو خود ایوان میں موجود ہونے کے بجائے دوسرے رکن کے ذریعے اپنی ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت تھی
عدالت کی اکثریت نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی آئین کی کورم سے متعلق شق کے تحت کانگریس کے ارکان کی جسمانی موجودگی ضروری ہے اور کسی دوسرے رکن کے ذریعے ووٹ ڈالنے کو حاضری شمار نہیں کیا جا سکتا،فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کی عبارت، تاریخی تشریح اور پارلیمانی روایت اس اصول کی تائید کرتی ہے
پریگننٹ ورکرز فیئرنس ایکٹ کے تحت آجروں کے لیے لازم تھا کہ وہ حاملہ ملازمین کو معقول سہولتیں فراہم کریں، مثلاً بھاری وزن اٹھانے سے استثنا، اضافی وقفے، پانی پینے اور بیٹھنے کی سہولت یا طبی ضرورت کے مطابق کام کے اوقات میں تبدیلی،قانون کا مقصد حمل کے دوران خواتین کو ملازمت سے محروم ہونے یا غیر ضروری مشکلات کا سامنا کرنے سے بچانا تھا
خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے فیصلے پر تشویش ظاہر کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ اس سے حاملہ ملازمین کو حاصل قانونی تحفظ کمزور ہو سکتا ہے،تاہم اس فیصلے کے دائرہ اثر اور مستقبل میں قانون کی قانونی حیثیت کا انحصار آئندہ عدالتی کارروائیوں پر ہوگا






