ترکی میں عالمی ماحولیاتی مذاکرات ناکام، دو ہفتوں کی بات چیت کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے پر کوئی معاہدہ نہ ہو سکا
انطالیہ: ترکی کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام عالمی ماحولیاتی مذاکرات دو ہفتوں کی طویل بات چیت کے بعد کسی بڑے معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے،اتوار کو مذاکرات کا اختتام اس وقت افراتفری کا شکار ہوا جب عالمی حدت پر قابو پانے کے لیے تیار کردہ مجوزہ معاہدے کا مسودہ ناکام ہو گیا،اتفاق رائے کی کوششیں طے شدہ وقت سے 48 گھنٹے زیادہ جاری رہیں، لیکن ممالک کسی حتمی سیاسی سمجھوتے تک نہ پہنچ سکے
یہ ناکامی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سائنس دان موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے بارے میں نئی وارننگ دے رہے ہیں اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے نے بھی کئی حکومتوں کو فوسل ایندھن، خصوصاً کوئلہ، تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے کی ضرورت کا احساس دلایا تھا،اس کے باوجود ممالک اس بات پر متفق نہ ہو سکے کہ زمین کو خطرناک حد تک گرم ہونے سے روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کس طرح کیے جائیں گے
دو ہفتوں کی مذاکراتی سرگرمیوں کے بعد ممالک صرف چند تکنیکی معاملات پر اتفاق کر سکے،کوئی ایسا سیاسی معاہدہ سامنے نہیں آیا جس میں یہ واضح کیاجاتا کہ حکومتیں عالمی حدت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خطرناک موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عملی طور پر کیا اقدامات کریں گی
اقوام متحدہ کے موسمیاتی امور کے سربراہ سائمن اسٹیل نے مرکزی معاہدے، جسے مذاکرات کی اصطلاح میں ’’کور ڈسیژن‘‘ کہا جاتا ہے، پر اتفاق نہ ہونے کے باوجود اجلاس کو حقیقی پیش رفت قرار دیا،تاہم دیگر شرکا نے اس جائزے سے اتفاق نہیں کیا اور عالمی ماحولیاتی فیصلوں کے لیے تمام ممالک کی متفقہ منظوری کی شرط پر سوال اٹھائے
مذاکرات کی ناکامی نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کے موسمیاتی نظام میں اتفاق رائے کے طریقہ کار کی مشکلات کو نمایاں کر دیا ہے، جہاں کسی بڑے فیصلے کے لیے تمام ممالک کی رضامندی درکار ہوتی ہے،اس نظام کے باعث چند ممالک کے اختلافات بھی عالمی سطح پر مشترکہ کارروائی کو روک سکتے ہیں






