Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ڈیلٹا ایئرلائن کا تکنیکی نظام خراب، امریکہ بھر میں 1,600 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار، تھینکس گیونگ سے پہلے لاکھوں مسافروں کی مشکلات بڑھ گئیں

ڈیلٹا ایئرلائن کا تکنیکی نظام خراب، امریکہ بھر میں 1,600 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار، تھینکس گیونگ سے پہلے لاکھوں مسافروں کی مشکلات بڑھ گئیں

اٹلانٹا ؛ امریکہ کی بڑی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئرلائن کی پروازوں کا نظام اتوار کو تکنیکی خرابی کے باعث شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں 1,600 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں،یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب لاکھوں امریکی شہری تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے لیے ہوائی سفر کی تیاریاں کررہے ہیں
اے بی سی نیوز کے مطابق ڈیلٹا کے وزن اور توازن (Weight and Balance) کے نظام میں خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث طیاروں میں مسافروں، سامان اور دیگر وزن کی درست تقسیم سے متعلق معلومات کا نظام متاثر ہوا،فضائی حفاظت کے تقاضوں کے تحت اس معلومات کی تصدیق ضروری ہوتی ہے، اس لیے کمپنی کو متعدد پروازوں میں تاخیر کرنا پڑی
ڈیلٹا کے مطابق اتوار کو اس کی تقریباً 49 فیصد پروازیں 15 منٹ سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوئیں،کمپنی نے بعدازاں اعلان کیا کہ تکنیکی خرابی دور کردی گئی ہے اور وزن و توازن کا نظام معمول کے مطابق کام کرنے لگا ہے
ایئرلائن نے واضح کیا کہ یہ خرابی کسی سائبر حملے یا کمپیوٹر ہیکنگ کا نتیجہ نہیں تھی،فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے بھی کہا کہ ڈیلٹا کی پروازوں میں تاخیر کا تعلق فضائی ٹریفک کنٹرول کے وفاقی نظام سے نہیں تھا
ڈیلٹا نے متاثرہ مسافروں سے کہا ہے کہ انہیں اگلی دستیاب مناسب پروازوں میں منتقل کیا جارہا ہے،جہاں ضرورت ہو وہاں کھانے اور ہوٹل کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جبکہ منسوخ ہونے والی پرواز کے مسافر اگر سفر نہیں کرنا چاہتے تو انہیں رقم واپس کی جارہی ہے
یہ واقعہ امریکی فضائی نظام میں حالیہ تکنیکی مسائل کے بعد پیش آیا ہے،چند روز قبل ایف اے اے نے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی پروازیں روکنے کا حکم دیا تھا،11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ دوسرا موقع تھا جب تکنیکی تنصیب کے مسئلے کے باعث ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کرنا پڑا
تھینکس گیونگ کے موقع پر فضائی سفر کے غیر معمولی دباؤ کے پیش نظر ڈیلٹا کی اس خرابی نے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے

قومی خبریں سے مزید