Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ایران میں توانائی کا بحران، صدر مسعود پزشکیان نے خود دفتر کی روشنیاں اور ہیٹنگ بند کرکے شہریوں سے بجلی اور گیس بچانے کی اپیل کردی

ایران میں توانائی کا بحران، صدر مسعود پزشکیان نے خود دفتر کی روشنیاں اور ہیٹنگ بند کرکے شہریوں سے بجلی اور گیس بچانے کی اپیل کردی

تہران:ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک میں توانائی کے بحران کے پیش نظر شہریوں کو بجلی اور گیس کی بچت کا پیغام دینے کے لیے اپنے دفتر کی روشنیاں بند کرکے انتہائی کم روشنی میں کام کرنے کا مظاہرہ کیا ہے،ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ویڈیو میں صدر ایک بڑے دفتر میں بیٹھے نظر آتے ہیں جہاں روشنی کے لیے صرف میز پر رکھا ہوا ایک لیمپ روشن ہے، جبکہ چھت پر نصب بڑا کرسٹل فانوس مکمل طور پر بند ہے
ویڈیو میں کیمرہ دفتر کے ماحول کو دکھانے کے بعد صدر کے سامنے رکھے تھرموسٹیٹ کی طرف جاتا ہے، جس پر کمرے کا درجہ حرارت تقریباً 65 ڈگری فارن ہائیٹ، یعنی 18 ڈگری سینٹی گریڈ دکھائی دیتا ہے،اس طرح صدر نے کم روشنی اور محدود حرارت میں کام کرکے عوام کو توانائی کے محتاط استعمال کی ترغیب دینے کی کوشش کی
ایران کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ صدر کے دفتر میں دکھائی جانے والی صورت حال ان کے معمول کے دفتری حالات نہیں بلکہ توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ایک علامتی اقدام تھا،عہدیدار کے مطابق صدر نے یہ مظاہرہ عوام میں توانائی کی بچت کا شعور پیدا کرنے کے مقصد سے کیا
دلچسپ امر یہ ہے کہ ایران دنیا میں تیل اور قدرتی گیس کے سب سے بڑے ذخائر رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، اس کے باوجود اسے شدید توانائی بحران کا سامنا ہے،امریکی اقتصادی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی معیشت اور توانائی کے شعبے پر دباؤ بڑھا ہے،ملک کو بجلی کی پیداوار، گیس کی فراہمی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا بھی سامنا ہے
صدر پزشکیان کا یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایرانی حکومت شہریوں سے توانائی کے استعمال میں احتیاط برتنے کی اپیل کررہی ہے،دنیا کے بڑے تیل اور گیس پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ایران کے لیے توانائی کی بچت کی مہم خود اس بحران کی شدت کو ظاہر کرتی ہے

قومی خبریں سے مزید