عبدالسید نے حلف اٹھانے سے پہلے ہی چالیں چلنا شروع کردیں، ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ’میڈی کیئر فار آل‘ کو ’ٹرمپ کیئر‘ کا نام دینے کی پیشکش
مشی گن سے نومنتخب سینیٹر عبدالسید (Abdul El-Sayed) نے کہا ہے کہ وہ امریکہ میں ہر شہری کو صحت کی ضمانت دینے والے نظام، جسے ’میڈی کیئر فار آل‘ کہا جاتا ہے، کو اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے ’ٹرمپ کیئر‘ کہا جائے تو انہیں اس پر بھی اعتراض نہیں، کیونکہ ان کے لیے نام سے زیادہ اہم تمام امریکیوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے
عبدالسید نے اتوار کو این بی سی نیوز کے پروگرام Meet the Press میں کرسٹن ویلکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سنگل پیئر ہیلتھ کیئر سسٹم متعارف کرانے کے لیے قانون سازی کریں گے، جس کے تحت حکومت تمام امریکیوں کو صحت کی سہولت فراہم کرنے کی ذمہ داری اٹھائے گی،انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس پروگرام کا نام کیا رکھا جاتا ہے، اصل مقصد یہ ہے کہ امریکی عوام کو وہ صحت کی سہولت ملے جس کا وعدہ طویل عرصے سے پورا نہیں ہوسکا
انہوں نے کہا کہ وہ تین بنیادی نکات پر انتخاب لڑ کر کامیاب ہوئے ہیں، سیاست سے بڑے سرمایہ داروں کے پیسے کا اثر ختم کرنا، عوام کی جیب میں زیادہ پیسہ پہنچانا اور میڈی کیئر فار آل،ان کے بقول، ’’مجھے اس بات کی زیادہ پروا نہیں کہ اسے کیا نام دیا جاتا ہے، مجھے اس بات کی فکر ہے کہ اس ملک کے عوام کو بالآخر ضمانتی صحت کی سہولت ملے”
صدر ٹرمپ نے ہفتے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر عبدالسید کی ایک سابقہ پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ واقعی اپنی صدارت کو ایک دیرپا میراث میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو ہر امریکی کے لیے پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری مرحلے تک صحت کی ضمانت دینے کے اقدام کی حمایت کریں
عبدالسید کی یہ پیشکش امریکی سیاست میں ایک غیر معمولی سیاسی حکمت عملی قرار دی جا رہی ہے، جس میں ڈیموکریٹس اپنے بنیادی صحت اصلاحاتی منصوبے پر سمجھوتہ کیے بغیر اس کا نام ٹرمپ سے منسوب کرنے کے لیے تیار ہیں، تاکہ ریپبلکن صدر کی حمایت حاصل کرکے ملک میں یونیورسل ہیلتھ کیئر کے نفاذ کی راہ ہموار کی جاسکے






