ٹیکسلا کے 2500 سال پرانے شہر کی نئی دریافتیں، زمین میں دفن تہذیب کی حیران کن تاریخ سامنے آنے لگی
پاکستان کے تاریخی شہر ٹیکسلا میں واقع قدیم آثارِ بھیر ماؤنڈ میں نئی آثارِ قدیمہ کی کھدائی نے جنوبی ایشیا کی قدیم شہری تہذیب کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں ماہرین کو یہاں قدیم رہائشی مکانات، گلیوں، نکاسی آب کے نظام، کنوؤں، صحنوں اور مختلف تعمیراتی ڈھانچوں کے آثار ملے ہیں، جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ 2 ہزار سال سے بھی زیادہ پہلے اس علاقے میں ایک منظم شہری معاشرہ آباد تھا ان دریافتوں سے نہ صرف قدیم ٹیکسلا کے طرزِ زندگی بلکہ اس دور کی معیشت، تجارت، دستکاری اور سماجی ڈھانچے کو سمجھنے میں بھی مدد مل رہی ہے
بھیر ماؤنڈ ٹیکسلا میوزیم کے جنوب میں واقع ہے اور اسے وادی ٹیکسلا کی قدیم ترین شہری آبادیوں میں شمار کیا جاتا ہے اس شہر کی تاریخ تقریباً چھٹی صدی قبل مسیح سے دوسری صدی قبل مسیح تک پھیلی ہوئی سمجھی جاتی ہے اس علاقے نے ایرانی ہخامنشی سلطنت، سکندر اعظم کی آمد، موریہ سلطنت اور بعد میں ہند یونانی حکمرانوں کے ادوار دیکھے یہ وہ زمانہ تھا جب ٹیکسلا جنوبی ایشیا میں علم، تجارت، سیاست اور مختلف تہذیبوں کے باہمی رابطوں کا ایک اہم مرکز تھا
تازہ کھدائی میں قدیم مکانات کے ساتھ تنگ اور بے قاعدہ گلیاں، نکاسی آب کی نالیاں، پانی کے کنویں، گندے پانی کو جذب کرنے کے لیے بنائے گئے گڑھے اور ممکنہ صنعتی سرگرمیوں کے مقامات سامنے آئے ہیں تعمیرات میں چونا پتھر، مقامی پتھر، مٹی سے جوڑی گئی دیواریں اور بعض مقامات پر پکی اینٹیں استعمال کی گئی تھیں ان شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس زمانے کے باشندے رہائش، پانی کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے منظم طریقے اختیار کرچکے تھے
پنجاب محکمہ آثارِ قدیمہ کے ڈائریکٹر جنرل ظہیر عباس ملک کے مطابق حکومت پنجاب کے میگنیفیسنٹ پنجاب منصوبے کے تحت اس مقام پر دوبارہ تحقیقات شروع کی گئی ہیں ان کا کہنا ہے کہ نئی کھدائی سے قدیم آبادی کے بڑے حصے کی ساخت سامنے آئی ہے اور مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے تعمیراتی آثار دریافت ہوئے ہیں
کھدائی کی نگرانی کرنے والے محکمہ آثارِ قدیمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم ڈوگر کے مطابق بھیر ماؤنڈ کی اہمیت اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ یہاں انسانی آبادی اور شہری زندگی کے مختلف ادوار کے شواہد موجود ہیں ماہرین کو سرخ مٹی کے برتن، شمالی سیاہ چمکدار برتنوں کے ٹکڑے، مٹی سے بنی انسانی اور جانوروں کی مورتیاں، پتھر اور مٹی کے موتی، ہاتھی دانت اور سیپیوں کے کنگن، دھات کی اشیا، اوزار، سکے اور دیگر گھریلو استعمال کی چیزیں ملی ہیں
یہ اشیا محض تاریخی نوادرات نہیں بلکہ اس زمانے کے عام انسانوں کی روزمرہ زندگی کی جھلک پیش کرتی ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ گھریلو ضروریات پوری کرنے کے ساتھ دستکاری، زیورات سازی، دھات کاری اور تجارت میں بھی مہارت رکھتے تھے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی اشیا کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیکسلا کے تجارتی روابط دور دراز علاقوں تک پھیلے ہوئے تھے
اس مقام کی ایک اہم خصوصیت اس کی تہذیبی تاریخ ہے ٹیکسلا میں ایرانی، یونانی، وسط ایشیائی اور مقامی جنوبی ایشیائی تہذیبوں کے اثرات ایک دوسرے سے ملتے رہے سکندر اعظم 326 قبل مسیح میں اس خطے میں پہنچا تو ٹیکسلا ایک اہم سیاسی اور تجارتی مرکز تھا بعد میں موریہ سلطنت کے دور میں بھی اس شہر کو غیر معمولی اہمیت حاصل رہی اسی علاقے نے آگے چل کر گندھارا آرٹ اور بدھ مت کے علمی و ثقافتی مراکز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی دریافتوں کی مکمل تاریخی اہمیت جاننے کے لیے مزید کھدائی، سائنسی تجزیے اور تہہ در تہہ آثار کی تحقیق ضروری ہے ماہر تعمیرات و تحفظِ آثارِ قدیمہ رباب چشتی کے مطابق نئی دریافت ہونے والی عمارتیں موسمی اثرات، ماحولیاتی خرابی اور انسانی مداخلت سے متاثر ہوسکتی ہیں، اس لیے ان کی فوری دستاویز بندی، مرمت اور حفاظت انتہائی ضروری ہے
بھیر ماؤنڈ کی کھدائی کی تاریخ بھی ایک صدی سے زیادہ پرانی ہے برطانوی ماہر آثارِ قدیمہ سر جان مارشل نے 1913 سے 1925 کے دوران یہاں تحقیق کی، جبکہ سر مورٹیمر وہیلر نے 1944 اور 1945 میں مزید کھدائی کی۔ اس کے بعد مختلف پاکستانی ماہرین نے بھی اس مقام پر کام کیا تاہم حالیہ برسوں میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہونے والی تحقیقات نے اس قدیم شہر کی تاریخ کے کئی نئے پہلو سامنے لانے کی امید پیدا کردی ہے
بھیر ماؤنڈ کو 1980 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اس کے باوجود پاکستان میں تاریخی مقامات کی حفاظت اور ان پر مسلسل تحقیق کے لیے درکار وسائل ہمیشہ ایک بڑا مسئلہ رہے ہیں ملک میں ایسے بے شمار تاریخی مقامات موجود ہیں جن کے نیچے قدیم تہذیبوں کے آثار دفن ہیں، لیکن مناسب فنڈز، تربیت یافتہ ماہرین، جدید تحقیقی سہولتوں اور مؤثر نگرانی کی کمی کے باعث ان کی مکمل تاریخ دنیا کے سامنے نہیں آسکی
ٹیکسلا کی نئی دریافتیں پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہیں یہ خطہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کی تہذیب اور شہری زندگی محض چند سو سال پرانی نہیں بلکہ ہزاروں سال کی تاریخ رکھتی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ان آثار کو صرف حکومتی تشہیر یا سیاحتی منصوبوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مستقل بنیادوں پر سائنسی تحقیق، تحفظ اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سرمایہ کاری کی جائے اگر زمین سے نکلنے والی ان تاریخی نشانیوں کو محفوظ نہ کیا گیا تو پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کا ایک قیمتی حصہ ہمیشہ کے لیے کھو سکتا ہے






