موسمیاتی کانفرنس کی ناکامی، تیل پیدا کرنے والے ممالک اور امیر طاقتوں نے دنیا کو ماحولیاتی بحران کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا
ترکی کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی موسمیاتی کانفرنس (COP31) طویل مذاکرات کے باوجود کسی متفقہ معاہدے کے بغیر ختم ہوگئی۔ 2 دن اضافی جاری رہنے والے مذاکرات میں دنیا کے مختلف ممالک فوسل فیول، موسمیاتی مالی معاونت، سائنسی تحقیق اور کاربن کے اخراج میں کمی کے طریقوں پر اتفاق نہ کرسکے اس ناکامی نے ایک مرتبہ پھر واضح کردیا ہے کہ دنیا کو تباہ کن موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے دعوے کرنے والی بڑی طاقتیں اپنے معاشی اور سیاسی مفادات کے سامنے عالمی انسانی ضرورتوں کو اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں
یہ کانفرنس آسٹریلیا اور ترکی کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوئی تھی مذاکرات کی سربراہی کرنے والے آسٹریلیا کے موسمیاتی امور کے وزیر کرس بوون نے نتائج کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ماہرین کے مطابق اس ناکامی کی بنیادی وجہ اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات کا وہ نظام ہے جس میں کسی بھی فیصلے کے لیے تمام ممالک کا متفق ہونا ضروری ہوتا ہے اس طریقہ کار کے تحت ایک ملک یا چند ممالک بھی کسی اہم فیصلے کو روک سکتے ہیں، خواہ دنیا کی اکثریت اس کی حمایت کررہی ہو
ماحولیاتی قانون کے مرکز کی موسمیاتی اور توانائی پروگرام کی ڈائریکٹر نکی ریش نے اس نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب دنیا موسمیاتی ایمرجنسی سے گزر رہی ہو تو ایسا فیصلہ سازی کا نظام قابل عمل نہیں جس میں ہر ملک کی ہر بات اور ہر لفظ پر اتفاق ضروری ہو
سابق امریکی نائب صدر ال گور نے بھی کانفرنس کی ناکامی کے بعد اقوام متحدہ کے موسمیاتی مذاکرات میں بنیادی اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے ان کے مطابق عالمی نظام کو نئے سرے سے مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ فیصلے جدید سائنسی تحقیق اور دنیا کی اکثریت کی خواہشات کے مطابق کیے جاسکیں تاہم ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ موجودہ نظام میں اصلاحات کے لیے بھی تمام ممالک کا اتفاق ضروری ہے آسٹریلوی وزیر کرس بوون نے اسی تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے کے نظام کو تبدیل کرنے کے لیے بھی اتفاق رائے درکار ہے
کانفرنس میں سب سے بڑا تنازعہ تیل، گیس اور کوئلے جیسے فوسل فیول کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے کے معاملے پر پیدا ہوا متعدد ممالک چاہتے تھے کہ حتمی معاہدے میں واضح طور پر ان ایندھنوں سے بتدریج جان چھڑانے کا ذکر کیا جائے کیونکہ یہی ایندھن عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلیوں کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں دوسری طرف سعودی عرب سمیت بعض تیل پیدا کرنے والے ممالک نے اس تجویز کی سخت مخالفت کی نتیجتاً کوئی ایسا معاہدہ سامنے نہ آسکا جس میں دنیا کو فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کے لیے واضح اور قابل عمل راستہ دیا جاتا
کاربن کو ماحول سے جذب کرنے والی ٹیکنالوجی بھی اختلافات کا سبب بنی تیل اور گیس کی صنعت اس ٹیکنالوجی کی حمایت کرتی ہے، لیکن ناقدین کا مؤقف ہے کہ یہ طریقہ مہنگا ہے اور اس کی مؤثریت کے بارے میں بھی سنجیدہ سوالات موجود ہیں اس کے علاوہ عالمی موسمیاتی تحقیق کے ادارے آئی پی سی سی کے سائنسی کام کے شیڈول پر بھی اختلافات برقرار رہے
ترقی پذیر ممالک کے لیے سب سے زیادہ تشویش کا پہلو مالی معاونت کے معاملے میں کوئی پیش رفت نہ ہونا تھا ان ممالک کا مؤقف ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں ان کا تاریخی کردار نسبتاً کم ہے، لیکن انہیں سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی، سمندری طوفانوں اور دیگر قدرتی آفات کے سب سے زیادہ تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے انہیں اپنے توانائی کے نظام کو صاف ذرائع پر منتقل کرنے اور موسمیاتی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیے بھاری سرمایہ درکار ہے، مگر امیر ممالک اپنے مالی وعدوں کو پورا کرنے سے گریزاں ہیں
آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے ماہر معاشیات فرینک جوتزو کے مطابق عالمی موسمیاتی پالیسی کا بنیادی مسئلہ اب پہلے سے زیادہ واضح ہوچکا ہے فوسل فیول کی دولت سے فائدہ اٹھانے والی طاقتیں اپنے وسائل کی معاشی قدر کم کرنے پر آمادہ نہیں جبکہ امیر ممالک ترقی پذیر دنیا کو درکار موسمیاتی مالی معاونت بھی فراہم نہیں کررہے
اس ناکامی کے بعد عالمی سطح پر ایک نیا راستہ اختیار کرنے کی بات بھی زور پکڑ رہی ہے ماہرین اور قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے مذاکرات ممالک کو مطلوبہ نتائج نہیں دے سکتے تو متاثرہ ریاستیں بین الاقوامی عدالتوں سے رجوع کرسکتی ہیں عالمی عدالت انصاف پہلے ہی اپنی ایک مشاورتی رائے میں واضح کرچکی ہے کہ ریاستوں پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے
اسی طرح سانتا مارٹا اقدام کے تحت ایسے ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے جو فوسل فیول کا استعمال مرحلہ وار ختم کرنا چاہتے ہیں اس اقدام نے برازیل میں ہونے والی گزشتہ COP30 کانفرنس کے بعد زور پکڑا تھا اس کے تحت رواں سال ابتدائی بات چیت اور سائنسی ماہرین کے ایک پینل کی تشکیل سمیت بعض اقدامات پر پیش رفت ہوئی ہے ماہرین کے مطابق مستقبل میں ایسے چھوٹے اور مشترکہ معاہدوں کے ذریعے موسمیاتی مالی معاونت، توانائی کی منتقلی اور کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے کام آگے بڑھایا جاسکتا ہے
تاہم ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ ان متبادل اقدامات سے اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنسوں کی اہمیت ختم نہیں ہوتی ان کانفرنسوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک کو ایک ہی فورم پر اپنی بات رکھنے اور فیصلوں میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے مسئلہ یہ ہے کہ جب چند طاقتور ممالک اپنے معاشی مفادات کی خاطر پوری دنیا کے مستقبل سے متعلق فیصلے روک سکیں تو اس عالمی نظام کی افادیت پر سوال اٹھنا ناگزیر ہے
موسمیاتی بحران اب مستقبل کا کوئی خدشہ نہیں بلکہ موجودہ نسلوں کی زندگی، خوراک، پانی، صحت اور معاشی تحفظ کے لیے براہ راست خطرہ بن چکا ہے ترقی پذیر ممالک کے عوام پہلے ہی اس کی قیمت سیلابوں، تباہ شدہ فصلوں، گھروں کی بربادی اور روزگار کے خاتمے کی صورت میں ادا کررہے ہیں ایسے میں عالمی طاقتوں کی جانب سے وعدے، بیانات اور کانفرنسیں تو مسلسل جاری ہیں، لیکن عملی اقدامات اور مالی ذمہ داریوں سے فرار نے موسمیاتی انصاف کے پورے تصور کو کمزور کردیا ہے اصل سوال یہ نہیں کہ اگلی کانفرنس کہاں ہوگی، بلکہ یہ ہے کہ دنیا کو تباہی سے بچانے کے لیے طاقتور ممالک اپنے مفادات سے کب آگے بڑھیں گے؟






