بھارت کی نوجوان نسل میں بے چینی کا لاوا پھٹنے کو تیار، ڈگریاں بے روزگاری کا پروانہ بن گئیں، سرکاری نوکری کے لیے لاکھوں امیدوار، کامیابی کا امکان ایک فیصد سے بھی کم
نئی دہلی: بھارت میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کا خواب تیزی سے مایوسی میں تبدیل ہو رہا ہے،یونیورسٹیوں سے ڈگریاں حاصل کرنے والے لاکھوں نوجوان ملازمتوں کی تلاش میں دربدر ہیں، جبکہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے لاکھوں امیدوار برسوں امتحانات کی تیاری میں اپنی زندگی کے قیمتی سال گزار رہے ہیں،روزگار کے بحران، تعلیمی نظام کی خامیوں اور سرکاری امتحانات میں مبینہ بدعنوانی نے نوجوان نسل میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے،امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں نوجوانوں کی یہ مایوسی اب ایک بڑے سماجی اور سیاسی چیلنج کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے
رپورٹ کے مطابق بھارت میں 25 سے 29 سال کی عمر کے ڈگری یافتہ نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح تقریباً 20 فیصد ہے، جبکہ 25 سال سے کم عمر گریجویٹس میں یہ شرح 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے،نجی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باوجود معیشت اتنی ملازمتیں پیدا نہیں کر پا رہی کہ ہر سال فارغ التحصیل ہونے والے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا سکے
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ میں 26 سالہ اکشے تومر اس بحران کی ایک نمایاں مثال ہے،سیاسیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے باوجود وہ ملازمت کے حصول کے لیے سرکاری امتحانات کی تیاری کر رہا ہے،وہ اب تک 15 مختلف امتحانات دے چکا ہے، پانچ مرتبہ دوسرے مرحلے تک پہنچا لیکن کسی امتحان کے آخری مرحلے میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا،اس کا معمول صبح ساڑھے 8 بجے سے رات 9 بجے تک مطالعہ کرنا ہے،اس جیسے لاکھوں نوجوان برسوں سے سرکاری ملازمت کی امید میں کوچنگ سینٹروں اور مطالعاتی مراکز میں وقت گزار رہے ہیں
سرکاری ملازمتوں کی کشش کی بڑی وجہ بہتر تنخواہ، ملازمت کا تحفظ، طبی سہولتیں اور معاشرتی مقام ہے،بعض امتحانات میں کامیابی کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہتی ہے،رپورٹ میں مثال دی گئی ہے کہ 2023 میں ایک ریاست نے شراب سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کے لیے صرف 583 آسامیوں کا اعلان کیا تو ان کے لیے 5 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں
اکشے کے بڑے بھائی آکاش نے بھی سرکاری ملازمت کے حصول کے لیے کئی سال امتحانات کی تیاری کی اور تقریباً 50 ملازمتوں کے لیے درخواستیں دیں، لیکن بالآخر مایوس ہو کر نجی شعبے میں بینک قرضوں کی کارروائی سے متعلق ملازمت اختیار کر لی،اس کی سالانہ آمدنی تقریباً 5,400 ڈالر ہے، جو بھارت میں اوسط آمدنی سے زیادہ ہونے کے باوجود اسی نوعیت کی سرکاری ملازمت کے مقابلے میں نصف سے بھی کم ہے،نجی ملازمت میں اسے نہ وہ تنخواہ ملتی ہے اور نہ ملازمت کا تحفظ اور طبی سہولتیں میسر ہیں جو سرکاری ملازمت میں حاصل ہو سکتی ہیں
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق نوجوانوں میں غصے کی ایک بڑی وجہ سرکاری امتحانات میں پرچے لیک ہونے اور مبینہ بدعنوانی کے واقعات بھی ہیں،میڈیکل کالجوں میں داخلے کے قومی امتحان کے سوالات مبینہ طور پر امتحان سے پہلے ہی آن لائن سامنے آنے کے بعد حکام کو نتائج منسوخ کرنا پڑے تھے،اس واقعے نے لاکھوں امیدواروں میں یہ خدشات پیدا کیے کہ بااثر اور دولت مند افراد رشوت یا دوسرے غیر قانونی ذرائع سے امتحانات میں برتری حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ برسوں محنت کرنے والے عام گھرانوں کے نوجوان پیچھے رہ جاتے ہیں
اکشے کے والد ستندر کا کہنا ہے کہ پورا نظام بدعنوانی کا شکار ہے اور اس کا نقصان محنت کرنے والے دیانت دار امیدواروں کو اٹھانا پڑتا ہے،وہ پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامی تھے لیکن اب آئندہ انتخابات میں اپنی سیاسی حمایت پر نظرثانی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں
بھارت میں اعلیٰ تعلیم کے معیار پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں،میرٹھ کے ایک نجی انجینئرنگ کالج میں زیر تعلیم کمپیوٹر سائنس کے طالب علم حمدان ناصر کا کہنا ہے کہ وہاں پڑھایا جانے والا نصاب پرانا ہے اور اس پر خرچ ہونے والی رقم کے مقابلے میں تعلیم کا معیار تسلی بخش نہیں،دوسری جانب اکشے تومر کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود ملازمت کے لیے درکار عملی مہارتیں اور مواقع دستیاب نہیں
رپورٹ میں امریکی یونیورسٹی جانز ہاپکنز کے پروفیسر دیویش کپور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارت میں سرکاری ملازمتیں مجموعی روزگار کا نسبتاً چھوٹا حصہ ہیں، جبکہ اعلیٰ تعلیم کا معیار بھی بہت سے نوجوانوں کو کاروبار یا نجی شعبے میں کامیابی کے لیے مطلوبہ صلاحیتیں فراہم نہیں کر رہا،ان کے مطابق نوجوانوں کے سامنے متبادل مواقع محدود ہونے کے باعث وہ انتہائی کم امکانات کے باوجود سرکاری ملازمت کے امتحانات کو ہی اپنی زندگی کا واحد راستہ سمجھتے ہیں
یہ صورتحال وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیے بھی سیاسی مشکلات پیدا کر سکتی ہے،خاص طور پر اتر پردیش میں، جہاں تقریباً 24 کروڑ افراد آباد ہیں اور آئندہ سال ریاستی انتخابات متوقع ہیں، نوجوانوں کی بڑی تعداد اور بے روزگاری کا مسئلہ انتخابی سیاست پر اثر انداز ہو سکتا ہے،سیاسی امور کے ماہر سنجے کمار کے مطابق حکومت نے اب تک ملازمتوں کی کمی کا کوئی مؤثر حل پیش نہیں کیا اور اسے نوجوانوں کو حقیقت بتانا ہوگی کہ سرکاری شعبہ ہر امیدوار کو ملازمت فراہم کرنے کی پوزیشن میں نہیں
اکشے تومر فی الحال احتجاجی مظاہروں میں شرکت سے گریز کر رہا ہے کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ گرفتاری کی صورت میں مستقبل میں سرکاری ملازمت کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں،تاہم اس کا کہنا ہے کہ جب وہ سرکاری ملازمت کے لیے مقررہ عمر کی حد سے باہر ہو جائے گا تو اس کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں رہے گا اور وہ احتجاج میں شامل ہو سکتا ہے
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ اس بنیادی تضاد کو نمایاں کرتی ہے کہ بھارت میں والدین اپنے بچوں کو بہتر مستقبل کی امید پر اعلیٰ تعلیم دلاتے ہیں، لیکن ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی نوجوانوں کو روزگار، معاشی تحفظ اور سماجی ترقی کی ضمانت نہیں مل رہی،ایک ایسی نسل جو تعلیم کو اپنے والدین سے بہتر زندگی حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھتی تھی، اب اسی نظام سے مایوس ہوتی جا رہی ہے،یہ مایوسی محض بے روزگاری کا مسئلہ نہیں رہی بلکہ بھارت کے تعلیمی، معاشی اور سیاسی نظام کے لیے ایک سنجیدہ آزمائش بنتی جا رہی ہے






