Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

بلوچستان میں فوجی کارروائیوں اور مسلح حملوں کا بڑھتا سلسلہ، 74 ہلاکتوں کے اعلان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے دعوے بھی سامنے آگئے، بلوچستان ہاتھ سے جارہا، اصلی تے وڈے حکمراں صوبے بنانے میں مصروف

بلوچستان میں فوجی کارروائیوں اور مسلح حملوں کا بڑھتا سلسلہ، 74 ہلاکتوں کے اعلان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے دعوے بھی سامنے آگئے، بلوچستان ہاتھ سے جارہا، اصلی تے وڈے حکمراں صوبے بنانے میں مصروف

کوئٹہ: پاکستان کے دو صوبوں خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 74 مبینہ مسلح باغی اور انتہا پسندوں کی ہلاکت کے اعلان نے ایک بار پھر ملک میں جاری شورش، فوجی آپریشنز اور ان کے سیاسی و انسانی اثرات پر بحث تیز کر دی ہے،تاہم اس کارروائی کے اعداد و شمار میں ایک اہم فرق ہے: آئی ایس پی آر کے مطابق 31 افراد بلوچستان اور 43 خیبر پختون خوا میں ہلاک ہوئے،میر علی میں 35 اور اورکزئی میں 8 ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں، جبکہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے میں 3 نومبر سے جاری کارروائیوں کے دوران 31 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے،فوج نے ان افراد کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ قرار دیا ہے ، جبکہ آزاد اور نیوٹرل ذرائع انہیں بلوچ بغاوت سے جوڑتے ہیں جہاں صوبے کی آدھی سے زیادہ بلوچ آبادی نے اپنے وسائل پر وفاق کے ناجائز قبضے کے خلاف بغاوت کرکے طویل عرصے سے مسلح جدوجہد شروع کررکھی ہے
ایک طرف صوبے میں جہاں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں، دوسری طرف بلوچ مسلح تنظیمیں فوجی تنصیبات، قافلوں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے دعوے کر رہی ہیں، ان دعوؤں میں سے کئی کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی، لیکن ان سے یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ صوبے میں مسلح تصادم کا سلسلہ یک طرفہ کارروائیوں تک محدود نہیں
ساؤتھ ایشیا ٹیررازم پورٹل کے مطابق، بلوچ لبریشن آرمی نے 5 نومبر کو نوشکی کے علاقے گلانگور میں فوجی قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پانچ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا،تنظیم کے مطابق قافلہ کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ٹینکروں، ٹریلروں اور ٹرکوں کی حفاظت کر رہا تھا،اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی،اسی پورٹل نے یکم نومبر کو کچھی کے علاقے سنی میں بلوچ ریپبلکن گارڈز کے حملے کے حوالے سے کم از کم 12 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع بھی درج کی ہے
بلوچ لبریشن آرمی نے 26 اکتوبر سے 3 نومبر کے درمیان بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 25 کارروائیاں کرنے اور 40 سے زائد پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا،تنظیم کے ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں فوجی قافلوں، تنصیبات اور انٹیلی جنس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا،
یوں ایک طرف فوج کی جانب سے درجنوں افراد کی ہلاکت کے اعلانات سامنے آ رہے ہیں اور دوسری طرف مسلح تنظیمیں اپنے حملوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے دعوے کر رہی ہیں،اس صورت حال میں اصل ضرورت یہ ہے کہ ہر کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت، ان کی مسلح سرگرمیوں کے شواہد، شہریوں کو پہنچنے والے نقصان اور سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے اعداد و شمار شفاف طور پر سامنے لائے جائیں،صرف ہلاکتوں کی تعداد جاری کرنے سے بلوچستان کے بحران کی مکمل تصویر سامنے نہیں آتی
بلوچستان میں فوجی کارروائیوں کے خلاف سیاسی اور قوم پرست حلقوں کی جانب سے طویل عرصے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں؟بلوچ رہنما براہمداغ بگٹی اور دیگر قوم پرست شخصیات ماضی میں ریاستی پالیسیوں اور فوجی آپریشنز کو بلوچ آبادی کے خلاف جبر قرار دیتی رہی ہیں،تاہم نسل کشی جیسے سنگین قانونی الزام کو ثابت کرنے کے لیے منظم ارادے اور مخصوص شواہد درکار ہوتے ہیں،اسے محض ہلاکتوں کی تعداد کی بنیاد پر ثابت شدہ حقیقت کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا
سوشل میڈیا پر بلوچ خواتین کی ایسی ویڈیوز گردش کرنے کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں جن میں خواتین اپنے مردوں کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنے اور فوجی کارروائیوں کے خلاف مزاحمت کی بات کرتی ہیں،بلوچ قوم پرست حلقوں میں خواتین کی سیاسی سرگرمیوں اور احتجاجی تحریکوں کی موجودگی بہرحال بلوچستان کے بحران کا اہم پہلو ہے
اس شورش کے اثرات صرف سیکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ عام شہریوں کی نقل و حرکت اور معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے،رواں سال اگست میں عرب نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر مسلح حملوں اور مال بردار ٹرکوں کو جلانے کے واقعات کے باعث پاکستان ایران اور کوئٹہ کراچی کے تجارتی راستوں پر سامان کی ترسیل متاثر ہوئی،اخبار کے مطابق بلوچستان میں 2026 کے دوران 100 سے زیادہ مال بردار ٹرک جلائے جانے کی سرکاری اطلاعات سامنے آئی تھیں،کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر نے اس وقت بتایا تھا کہ چیمبر سے وابستہ تقریباً 90 فیصد کاروباری سرگرمیاں رک گئی ہیں
تجارتی مشکلات نومبر میں بھی برقرار رہیں،ڈان کی 12 نومبر کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اکتوبر میں سیکیورٹی اور اسمگلنگ کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے تفتان اور گبد ریمدان کے راستوں سے تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں،بعد میں محدود مال برداری بحال ہوئی، لیکن تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو پابندیوں اور تاخیر کا سامنا رہا،اسی پس منظر میں بلوچستان کے کور کمانڈر نے کہا کہ سرحدی تجارتی راستے دوبارہ کھولنے کی کوششیں جاری ہیں
بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن نے بھی 11 نومبر کو الزام لگایا کہ کوئٹہ، خضدار، کراچی اور تفتان کے تجارتی راستوں پر ٹرکوں کو سیکیورٹی کے نام پر قافلوں میں سفر کرنے کے لیے بھاری رقوم ادا کرنا پڑ رہی ہیں،ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر صورت حال برقرار رہی تو ٹرانسپورٹر اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی متاثر ہوگی
بلوچستان کا بحران اب محض فوج اور مسلح تنظیموں کے درمیان تصادم کا معاملہ نہیں رہا،اس میں ریاستی اختیار، بلوچ قوم پرست سیاست، جبری گمشدگیوں کے الزامات، مسلح حملے، شہریوں کی سلامتی، شاہراہوں پر نقل و حرکت اور معاشی سرگرمیوں کے مسائل ایک دوسرے سے جڑ چکے ہیں،74 ہلاکتوں کا اعلان اس بحران کا ایک پہلو ہے، لیکن اس کے ساتھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں، شہری نقصان اور صوبے میں سیاسی و معاشی حالات کی مکمل اور غیر جانب دارانہ تصویر بھی سامنے آنا ضروری ہے

قومی خبریں سے مزید