جینسن ہوانگ کے اسکینڈل نے 40 سال سے زائد عرصے کی شریکِ حیات لوری ہوانگ کو منظرِ عام پر لا کھڑا کیا
سان فرانسسکو: اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مبینہ ناجائز تعلقات کے اسکینڈل نے ان کی اہلیہ لوری ہوانگ کو بھی خبروں کا مرکز بنا دیا ہے،لوری ہوانگ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جینسن ہوانگ کی شریکِ حیات ہیں، تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے کاروباری رہنماؤں کی بیگمات کے برعکس انہوں نے ہمیشہ نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھا
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جینسن اور لوری ہوانگ کی ملاقات اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے طالب علم کی حیثیت سے ہوئی تھی،اس کے بعد دونوں نے زندگی کا سفر ساتھ شروع کیا اور لوری اس وقت سے جینسن کے ساتھ رہیں جب انہوں نے ایک چھوٹے سے چپ اسٹارٹ اپ کی بنیاد رکھی، جو آگے چل کر دنیا کی قیمتی ترین کمپنیوں میں شامل ہوگئی
نومبر 2021 میں جینسن ہوانگ نے کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے میں شرکت کی،اس تقریب میں انہیں انٹیل کے شریک بانی رابرٹ نوائس کے نام سے منسوب ادارے کا سب سے بڑا اعزاز دیا گیا،جینسن اپنی اہلیہ لوری کے ساتھ تقریب میں وقت سے پہلے پہنچے اور استقبالیہ کے دوران بار کی طرف چلے گئے،انہوں نے وہاں موجود صحافیوں کو بتایا کہ مارچ 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ وہ گھر سے باہر کسی تقریب میں آئے تھے
جینسن نے صحافیوں کو اپنی اہلیہ سے متعارف کرایا، لیکن گفتگو کا زیادہ تر حصہ ان ہی کے گرد گھومتا رہا،تقریباً دو گھنٹے بعد جب انہیں ایوارڈ دینے کے لیے اسٹیج پر بلایا گیا تو وہ سرخ شراب کی ایک بوتل اور دو گلاس ساتھ لے کر پہنچے،انہوں نے میزبان کے ساتھ شراب شیئر کی اور گفتگو کو روایتی کاروباری موضوعات سے ہٹ کر مختلف سمتوں میں لے گئے، جبکہ لوری ہوانگ پس منظر ہی میں رہیں
اخبار کے مطابق، چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک لوری نے اپنے شوہر کا ساتھ دیا، جب وہ ایک غیر معروف چپ کمپنی کو عالمی ٹیکنالوجی صنعت کی بڑی قوت میں تبدیل کر رہے تھے،اینویڈیا کی کامیابی نے جینسن ہوانگ کو بین الاقوامی کاروباری شخصیت بنا دیا،ان کی تصویر والے سویٹر فروخت ہونے لگے، ان کی مخصوص چمڑے کی جیکٹس جمع کرنے والوں کے لیے خاص اہمیت اختیار کر گئیں اور ان کی دولت بڑھ کر تقریباً 150 ارب ڈالر تک پہنچ گئی
جینسن ہوانگ کے حالیہ اسکینڈل کے بعد ان کی اہلیہ کی نجی زندگی اور چار دہائیوں پر محیط ازدواجی رفاقت بھی عوامی توجہ کا موضوع بن گئی ہے،
لوری ہوانگ نے شوہر کے مبینہ ناجائز تعلقات کے اسکینڈل پر تاحال کوئی عوامی ردعمل نہیں دیا،جینسن ہوانگ نے اینویڈیا کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنے دو بچوں کے ساتھ اپنی اہلیہ سے بھی معذرت کی، جس کے بعد یہ معاملہ ان کے خاندان کی نجی زندگی سے نکل کر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا،64 سالہ لوری ہوانگ نے 41 سالہ ازدواجی زندگی کے دوران ہمیشہ میڈیا کی نظروں سے دور رہنے کو ترجیح دی ہے،وہ جینسن ہوانگ کے ساتھ قائم جین ہسن لوری ہوانگ فاؤنڈیشن کی صدر ہیں، جس کے اثاثے 2024 میں 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے،اینویڈیا کے حصص سے وابستہ خاندانی ٹرسٹوں میں بھی ان کا اہم مالیاتی کردار ہے،نیویارک ٹائمز کے مطابق، لوری ہوانگ نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا، جبکہ چین نے جاسوسی کے الزامات مسترد کر دیے ہیں اور ایلس ہوانگ نے بھی تبصرے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا






