ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی پر نظرثانی کا عندیہ، ڈیموکریٹس سے معاہدے کا امکان، ریپبلکنز کی ایک شرط، کسی قسم کی ایمنسٹی نہیں دی جائے گی
واشنگٹن: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ڈیموکریٹس کے ساتھ امیگریشن پالیسی پر ممکنہ معاہدے کا عندیہ دینے کے بعد ریپبلکن سینیٹرز نے بھی اس معاملے پر نئی بحث کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے یا قیام کرنے والے تارکین وطن کو عام معافی دینے کا کوئی معاہدہ قابل قبول نہیں ہوگا
مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو بھاری انتخابی نقصان کے بعد پارٹی کے بعض سینیٹرز امیگریشن پالیسی پر نظرثانی کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں،انتخابی نتائج کے بعد ریپبلکن ارکان اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ ووٹرز نے ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کی حمایت نہیں کی،ستمبر میں جاری ہونے والے فاکس نیوز کے ایک سروے میں 53 فیصد ووٹرز نے رائے دی تھی کہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی ضرورت سے زیادہ سخت ہو چکی ہے
تاہم ریپبلکن سینیٹرز نے واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں تارکین وطن کو عام معافی دینے کی گنجائش نہیں ہوگی
ریاست انڈیانا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر جم بینکس نے فاکس نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صدر ٹرمپ پر اعتماد ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ صدر درست فیصلہ کریں گے، لیکن ان کے نزدیک عام معافی کا معاملہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور وہ اس کی حمایت کبھی نہیں کریں گے
امیگریشن پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کا راستہ اس وقت کھلا جب صدر ٹرمپ نے ہفتے کے اختتام پر نشر ہونے والے پروگرام 60 منٹس کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی انتظامیہ کی بڑے پیمانے پر ملک بدری اور امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی پالیسیاں شاید ضرورت سے زیادہ سخت رہی ہیں
ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا کہ قاتلوں، زیادتی کے مرتکب افراد، خطرناک مجرموں اور منشیات فروشوں کو امریکہ سے نکالنا ضروری ہے،ان کے اس بیان کو امیگریشن پالیسی میں ممکنہ لچک اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات کی گنجائش پیدا کرنے کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے
تاہم ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے عام معافی کی مخالفت واضح کرتی ہے کہ کسی بھی دوطرفہ معاہدے میں تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا معاملہ سب سے بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے






